بھٹکل(فکروخبرنیوز) آج علی الصبح دو بائک کے درمیان پیش آئے سڑک حادثہ میں بیاسی سالہ نثار علی ڈاٹا انتقال کرگیے۔ یہ حادثہ اہم شاہراہ 66 نوائط کالونی میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ بزرگ سحری سے فراغت کے بعد عثمانیہ مسجد جانے کے لیے اپنی بائک کے ذریعہ اہم شاہراہ عبور کررہے تھے کہ ایک اسکوٹر ان کی اسکوٹر سے ٹکراگئی جس کے بعد نثار علی گرگیے اور ان کی سر پر سخت چوٹیں آئیں۔ فوری طور پر انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسی جگہ سڑک حادثات پیش آچکے ہیں جس میں کئی افراد اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھے۔ مقامی افراد کے مطابق اہم شاہراہ کے توسیعی مرحلہ کی وجہ سے اسٹریٹ لائٹ کا مناسب نظم نہ ہونے کی وجہ سے سواریوں کو گزرنے میں دقتیں پیش آتی ہیں۔ مانا جارہا ہے کہ یہ حادثہ بھی ممکنہ طور پر اسی وجہ سے پیش آیا۔
