منگلورو(فکروخبرنیوز) ماہی گیری کے لیے سمندر میں گئی ایک کشتی کے انجن میں اچانک خرابی آنے سے کشتی بیچ سمندر میں پھنس گئی ، قدرت کے کرشمے سے یہ کشتی سمندری لہروں کے ساتھ بہتے ہوئے اُلال کے سی گراؤنڈ کے قریب ساحل سے ٹکرا گئی، کشتی پر 13 ماہی گیر سوار تھے جو معجزانہ طوپر محفوظ ہیں۔
ڈائجی ورلڈ میں شائع خبر کے مطابق بورک ٹرالر نامی یہ کشتی اُلال کے مکاچری کے رہائشی محمد اشفاق کی ملکیت ہے۔ یہ اتوار کی رات منگلورو بندرگاہ سے گہرے سمندر میں ماہی گیری کے لیے کیرالہ کی سمت روانہ ہوئی تھی ۔ دورانِ سفر انجن فیل ہو جانے کے باعث جہاز آگے نہیں بڑھ سکا اور بیچ سمندر میں پھنس گیا۔
ماہی گیروں نے قریبی کشتیوں کو مدد کے لیے مطلع کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ مل سکی، جس کے باعث وہ پوری رات سمندر میں بے یار و مددگار پھنسے رہے۔ خوش قسمتی سے تیز لہروں نے ٹرالر کو ساحل کی طرف دھکیل دیا اور پیر کی صبح سویرے یہ ساحل سے جا ٹکرایا۔
کشتی کو شدید نقصان پہنچا ہے جس سے لاکھوں روپے کے مالی خسارہ ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔




