ڈھاکہ:(فکروخبر/ذرائع)بنگلادیش کی عبوری حکومت نے کرنسی نوٹوں سے شیخ مجیب کی تصویر ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق وزارت خزانہ اور مرکزی بینک نے فیصلےکی توثیق کر دی ہے جب کہ بینک کو نئے نوٹوں کی ڈیزائن پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
ابتدائی طور پر چار کیٹگریز کو دوبارہ ڈیزائن کیا جائے گا لیکن حکام نے کہا کہ تمام نوٹوں میں تبدیلیاں مرحلہ وار ہوں گی۔
29 ستمبر کو وزارت خزانہ کے ایک خط میں بنگلہ دیش بینک کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ نئے نوٹوں کے لیے تفصیلی ڈیزائن کی تجاویز پیش کرے۔ مرکزی بینک کی کرنسی اور ڈیزائن ایڈوائزری کمیٹی ان تبدیلیوں کا جائزہ لینے اور سفارش کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
خط میں کہا گیا کہ بینک کی کرنسی اور ڈیزائن ایڈوائزری کمیٹی کی سفارش کو قبول کرنے کے بعد جلد از جلد مخصوص تجویز کو فنانس ڈویژن کو بھیج دیا جائے، ڈیزائنوں کو حتمی شکل دینے میں فوری کارروائی پر زور دیا گیا ہے۔
شیخ مجیب الرحمٰن کی تصویر ہٹانے کے فیصلے کو شیخ حسینہ کی حکومت کے دور میں ماضی کے طرز عمل سے الگ ہونے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،جس میں کئی نوٹوں اور یہاں تک کہ سکوں پر بھی ان کی شبیہ نمایاں تھی۔