بنگلورو: زیورات کی دکانوں میں برقعہ، ہیلمٹ اور ماسک کے ساتھ داخلے پر پابندی پر غور

بنگلورو کی جیولرس کمیونٹی میں زیورات کی دکانوں کے اندر چہرہ ڈھانپنے والے ملبوسات، بشمول برقعہ، ہیلمٹ اور ماسک پہن کر داخل ہونے والے صارفین پر پابندی عائد کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ ان کے مطابق یہ مجوزہ اقدام بہار اور اتر پردیش میں پہلے سے نافذ حفاظتی ضوابط کی طرز پر ہے، جہاں زیورات کی دکانوں میں داخلے سے قبل صارفین کا چہرہ واضح طور پر نظر آنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

جیولری انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق، صارفین اور قیمتی زیورات دونوں کی حفاظت کے لیے ’نو فیس کور، نو انٹری‘ کا اصول ناگزیر ہوتا جا رہا ہے۔

بنگلورو جیولرس ایسوسی ایشن کے صدر چیتن کمار مہتا نے اس سلسلے میں بتایا  ’’بہار اور اتر پردیش میں یہ اصول پہلے ہی نافذ ہے۔ اب ہم کرناٹک میں بھی اسی طرز کی گائیڈ لائن متعارف کرانے کے لیے جلد ایک اہم میٹنگ کریں گے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ مکمل طور پر سیکیورٹی کے نقطۂ نظر سے ہے اور اس کا مقصد کسی مذہب یا برادری کو نشانہ بنانا نہیں۔ مرد و خواتین دونوں صارفین کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ دکان میں داخل ہوتے وقت ان کا چہرہ واضح طور پر نظر آئے۔

واضح رہے کہ 28 دسمبر کو ہنسور کے بی ایم روڈ پر واقع اسکائی گولڈ اینڈ ڈائمنڈ شو روم میں پانچ مسلح افراد نے دن دہاڑے ڈکیتی کی تھی، عملے اور گاہکوں کو یرغمال بنا کر منٹوں میں قیمتی زیورات لوٹ لیے اور فرار ہو گئے۔ پولیس اب تک ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔