بنگلورو: نمّا میٹرو کے کرایوں میں اضافہ 9 فروری سے نافذ

 بنگلورو: نمّا میٹرو کے کرایوں میں اضافہ 9 فروری سے نافذبنگلورو (فکروخبرنیوز) بنگلورو میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (بی ایم آر سی ایل) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ نمّا میٹرو کے کرایوں میں سالانہ خودکار نظرِ ثانی کا اطلاق 9 فروری 2026 سے کیا جائے گا۔ اس نظرِ ثانی کے تحت کرایوں میں 4 فیصد سے 10 فیصد تک اضافہ ہوگا، جو فاصلے کی بنیاد پر ایک روپے سے پانچ روپے تک رہے گا۔

بی ایم آر سی ایل کے مطابق یہ اضافہ میٹرو ریلوے (آپریشن اینڈ مینٹیننس) ایکٹ 2002 کے تحت تشکیل دی گئی فرسٹ فیر فکسیشن کمیٹی (FFC) کی سفارشات کے مطابق کیا جا رہا ہے جو کارپوریشن پر لازمی طور پر نافذ ہوتی ہیں۔

کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایف ایف سی نے مشاہدہ کیا ہے کہ گزشتہ 7.5 برسوں میں کرایوں پر نظرِ ثانی نہ ہونے اور کرایہ زونز کی تعداد 29 سے گھٹا کر 10 کرنے کے نتیجے میں اوسطاً 51.55 فیصد کا نمایاں اضافہ سامنے آیا تھا۔

مستقبل میں اس طرح کے اچانک اور بڑے اضافے سے بچنے کے لیے کمیٹی نے سفارش کی کہ سالانہ شفاف خودکار کرایہ نظرِ ثانی فارمولہ اپنایا جائے، جس کے تحت آپریشن و مینٹیننس لاگت یا 5 فیصد سالانہ (جو کم ہو) کی بنیاد پر کرایوں میں اضافہ کیا جائے۔ کمیٹی کے مطابق یہ طریقہ کار مسافروں پر بوجھ ڈالے بغیر بتدریج کرایہ ایڈجسٹمنٹ میں مدد دے گا۔

بی ایم آر سی ایل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 25-2024 کے آڈٹ شدہ مالی اعداد و شمار کو 24-2023  کے بنیادی ڈیٹا سے موازنہ کرنے پر لاگت میں 10.20 فیصد اضافہ سامنے آیا ہے، تاہم ایف ایف سی کی ہدایات کے مطابق کرایوں میں اضافہ زیادہ سے زیادہ 5 فیصد تک ہی محدود رکھا گیا ہے۔

( پی ٹی آئی کے ان پٹ کےساتھ)