بنگلورو(فکروخبرنیوز) بنگلورو میں ہفتے کی رات ایک افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ایمبولینس نے ریڈ سگنل توڑتے ہوئے رچمنڈ سرکل کے قریب کئی گاڑیوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں اسکوٹر پر سوار ایک جوڑا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
حادثہ رات تقریباً گیارہ بجے پیش آیا، جب متعدد موٹرسائیکل سوار ریڈ سگنل پر رکے ہوئے تھے۔ اچانک ایک تیز رفتار ایمبولینس پیچھے سے ان سے جا ٹکرائی، جس کی ٹکر اتنی شدید تھی کہ اس نے تین موٹرسائیکلوں کو اپنی زد میں لے لیا اور ایک موٹر سائیکل کو کئی میٹر تک گھسیٹتے ہوئے قریب کی پولیس چوکی سے جا ٹکرائی۔
حادثہ میں وفات پانے والوں کی شناخت اسماعیل نطہر(40) اور ان کی اہلیہ سمین بانو کے طور پر ہوئی ہے، جو DIO اسکوٹر پر سوار تھے۔ دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں دو دیگر افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ولسن گارڈن ٹریفک پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ بتیا جارہا ہے کہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔




