کاروار (فکروخبرنیوز) ساحلی کرناٹک کے ضلع اترا کنڑا کی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف ایک سخت ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔
اترا کنڑا ضلع پولیس انتظامیہ کے مطابق ان کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ سماج دشمن عناصر واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام اور ایکس (ٹویٹر) جیسے پلیٹ فارمز پر جان بوجھ کر اشتعال انگیز، توہین آمیز، اور جھوٹے پیغامات، ویڈیوز اور تبصرے پھیلا رہے ہیں، جن کا مقصد پبلک پیس اور باہمی بھائی چارے کو نقصان پہنچانا ہے۔
پولیس نے پبلک نوٹس جاری کرتے ہوئے عام عوام کو مطلع کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسا کوئی بھی قابلِ اعتراض مواد بنانے، اسے شیئر، فارورڈ، اپ لوڈ یا اسے فروغ دینے والے کسی بھی شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام سرگرمیاں قانوناً جرم اور قابلِ سزا ہیں۔ شہریوں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں، گمراہ کن معلومات، یا اشتعال انگیز آڈیو اور ویڈیو پیغامات پر نہ تو یقین کریں اور نہ ہی انہیں آگے بڑھائیں۔ اگر کسی بھی شہری کو ایسا مواد نظر آئے تو وہ فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس کنٹرول روم کو اس کی اطلاع دیں۔ محکمہ پولیس نے تمام عوام سے ضلع میں امن و امان اور قانون کی بالادستی برقرار رکھنے اور غیر تصدیق شدہ معلومات شیئر کرنے سے گریز کرتے ہوئے حکام کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔




