ممبئی: اتوار کی صبح 6 بجے باندرہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر اچانک بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران 9 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو لوگوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اسٹیشن پر موجود ریلوے پولیس نے صورت حال پر قابو پالیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر بھابھا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
بی ایم سی کے مطابق باندرہ ٹرمینس کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر بھیڑ کی وجہ سے ہونے والی بھگدڑ میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی مسافروں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھگدڑ کے بعد پلیٹ فارم پر کئی لوگ بے ہوش پڑے تھے۔ ساتھ ہی پولیس اہلکار بھی زخمیوں کو لے جاتے ہوئے دیکھے گئے۔ اسٹیشن پر موجود لوگ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرانے میں مدد کرتے بھی دیکھے گئے۔ موقعے پر بڑی تعداد میں جوتے اور چپل بکھرے پڑے تھے۔
بتایا جا رہا ہے کہ باندرہ-گورکھپور ایکسپریس میں بہت زیادہ بھیڑ تھی۔ لوگوں کے ٹرین میں سوار ہوتے وقت افراتفری مچ گئی۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ تہوار کی وجہ سے آج کل ٹرینوں میں کافی بھیڑ ہے۔ چونکہ آج اتوار تھا، اس لیے بھیڑ اور بڑھ گئی۔ لوگ تہوار منانے کے لیے اپنے آبائی گھروں کا رخ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے اسٹیشنوں پر زبردست بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔ تاہم، ٹرینوں میں بھیڑ کو کم کرنے کے لیے ریلوے کی جانب سے کئی بڑے اقدامات کیے گئے ہیں۔