باگل کوٹ میں شیواجی جینتی جلوس کے دوران پتھراؤ کے الزام میں آٹھ گرفتار

اسسٹنٹ کمشنر سنتوش جگالاسر نے باگل کوٹ، نوا نگر اور ودیاگیری میں 20 سے 24 فروری تک امتناعی احکامات جاری کئے ہیں۔

باگل کوٹ : جمعرات کی رات قصبہ کی ایک مسجد کے قریب شیواجی جینتی جلوس پر پتھراؤ کے بعد جمعہ کو باگل کوٹ میں کشیدگی پھیل گئی۔ باگل کوٹ پولیس نے اس واقعہ کے سلسلے میں آٹھ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھارتھ گوئل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پولیس نے جمعرات کی رات تقریباً 10 بجے شیواجی جینتی جلوس کے دوران جلوس پر پتھراؤ کرنے والے سیکٹر 10 کے رہائشی تنظیر اور سات دیگر کو پولیس کو اپنی ڈیوٹی انجام دینے میں رکاوٹ ڈالنے پر گرفتار کیا ہے۔

یہ واقعہ جلوس کے مسجد پہنچنے سے پہلے پیش آیا۔ اس واقعے میں ایک شہری، دو کانسٹیبل زخمی ہوئے۔ بتایا جارہا ہے کہ صورتحال اب قابو میں ہے۔

ایس پی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی اضافی تعیناتی کے ساتھ سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں کا شکار نہ ہوں اور امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔

تاجروں کی جانب سے رضاکارانہ طور پر دکانیں اور کاروباری ادارے بند ہونے سے شہر کی سڑکیں سنسان نظر آئیں اور ٹریفک بہت کم رہی۔ آئی جی پی (نارتھ زون) چیتن سنگھ راٹھور نے قصبہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

جمعہ کو لوگوں کے ایک گروپ نے سبزی منڈی پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لاٹھی چارج کے ذریعہ انہیں منتشر کر دیا۔

ضلع انچارج وزیر آر بی تیما پور نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شیواجی جینتی کے موقع پر شوبھایاترا کے دوران پتھراؤ کے واقعہ کی سیاست نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔