بنگلورو/گوکرنا : گوکرنا کے ایک پہاڑی علاقے میں ایک روسی خاتون نینا کوٹینا اپنی دو کم سن بیٹیوں کے ساتھ ایک غار میں رہتی ہوئی پائی گئی ہیں۔ ان کے اسرائیلی شوہر ڈرور گولڈسٹین نے دعویٰ کیا ہے کہ نینا ان سے بغیر اطلاع دیے گوا سے غائب ہوگئی تھیں اور کئی ماہ تک وہ اپنی بیٹیوں کی تلاش میں رہے۔
ڈرور گولڈسٹین نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ انہوں نے نینا سے آٹھ سال قبل گوا میں ملاقات کی تھی، اور دونوں نے یوکرین میں بھی وقت گزارا۔ ان کی دو بیٹیاں پریما (6 سال) اور اما (5 سال) ہیں۔ گولڈسٹین کے مطابق وہ پچھلے چار سالوں سے بچوں سے ملنے کے لیے بھارت کے باقاعدہ دورے کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ نینا ان کی بیٹیوں کے ساتھ ملاقات میں رکاوٹیں ڈالتی رہی ہیں۔ میں صرف اتنا چاہتا ہوں کہ اپنی بیٹیوں سے رابطے میں رہ سکوں اور ان کے قریب رہ سکوں۔ گولڈسٹین نے یہ بھی بتایا کہ وہ نینا اور بچوں کی مالی معاونت کررہے ہیں اور ماہانہ رقم فراہم کرتے ہیں۔
ملک بدری کے خدشے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہاگر انہیں روس لے جایا گیا تو میرے لیے یہ بہت مشکل ہو گا۔ میں اسے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔
پولیس کے مطابق نینا اور اس کی بیٹیوں کو 11 جولائی کو ایک معمول کے گشت کے دوران غار میں پایا گیا۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ شہری ہنگاموں سے دور ہو کر مراقبہ اور دعا میں وقت گزار رہی تھیں۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ نینا نے اپریل 2017 تک درست بزنس ویزا پر بھارت میں داخلہ لیا تھا۔ بعد ازاں 2018 میں گوا کے فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس (FRRO) سے ایگزٹ پرمٹ حاصل کر کے نیپال گئی، تاہم وہ ستمبر 2018 میں دوبارہ بھارت آئی اور تب سے اس کا ویزا ختم ہو چکا ہے۔
فی الحال پولیس اور امیگریشن حکام نینا کے ویزا اسٹیٹس اور قانونی اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔




