ممبئی : بابا صدیقی کے قتل کے بعد مہاراشٹرا کے لا اینڈ پر کھڑے کیے جارہے ہے سوال ،اسد الدین اویسی بھی برہم

این سی پی اجیت پوار گروپ کے سینئر رہنما  بابا صدیقی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بابا صدیقی پر فائرنگ کی گئی جس میں انہیں تین گولیاں لگیں۔ اس واقعے کے فوراً بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ دم توڑ گئے۔ اس واقعہ کے بعد مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ بابا صدیقی تین بار  رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔

اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا، ‘ایک ہی دن میں دو اموات کی خبر واقعی بہت افسوسناک ہے۔ بابا صدیقی کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے۔ یہ مہاراشٹر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔ ان کے خاندان، دوستوں اور ساتھیوں سے میری تعزیت۔

حکام نے بتایا کہ نرمل نگر میں کولگیٹ گراؤنڈ کے قریب بابا صدیقی کے بیٹے اور  رکن اسمبلی ذیشان صدیقی کے دفتر کے باہر پیش آنے والے واقعہ کے فوراً بعد دو لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب اجیت پوار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک تعزیتی پیغام میں اس حملے کو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت قرار دیا۔ پوار نے کہا، ’’مجھے یہ جان کر صدمہ پہنچا ہے کہ اس واقعہ میں ان کی موت ہوگئی‘‘۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک اچھے دوست اور ساتھی سے محروم ہو گئے ہیں۔ اجیت پوار نے کہا کہ ہم نے ایک ایسے رہنما کو کھو دیا ہے جس نے اقلیتی برادری کے لیے جدوجہد کی اور سیکولرازم کی وکالت کی۔