سابق کرکٹر اظہرالدین کو ای ڈی کا نوٹس

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین مشکلات میں پڑ گئے ہیں، کیونکہ ای ڈی نے انہیں منی لانڈرنگ کیس میں نوٹس بھیجا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی مالی بے ضابطگیوں سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں سابق کرکٹر کو۳؍ اکتوبر کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کیس۲۰؍ کروڑ روپے کی مبینہ غلط استعمال سے متعلق ہے، جو حیدرآباد کے اپل میں راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم کیلئے ڈیزل جنریٹرز، فائر فائٹنگ سسٹم اور چھتریوں کی خریداری کیلئے مختص کئے گئے تھے۔ بتا دیں کہ کرکٹر سے سیاستداں بننے والے محمد اظہر الدین فی الحال کانگریس کے لیڈر ہیں اور وہ اترپردش سے لوک سبھا کے رکن بھی منتخب ہوچکے ہیں لیکن حالیہ تلنگانہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں وہ کانگریس کے ٹکٹ پر امیدوار تھے لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
اس سے قبل اظہر الدین۲۰۱۹ء سے۲۰۲۳ء تک ایچ سی اے کے صدر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں، اس دور میں ان پر فنڈز کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ حیدرآباد پولیس نے گزشتہ سال اکتوبر میں چار مجرمانہ مقدمات درج کئےتھے، جس میں ان کے ساتھ دیگر سابق ایچ سی اے عہدیداروں کے ساتھ انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی متعلقہ دفعات کے تحت اعتماد کی مجرمانہ خلاف ورزی، دھوکہ دہی، جعلسازی اور سازش کا الزام لگایا گیا تھا۔