لکھنؤ: سماجوی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور سابق کابینی وزیر محمد اعظم خان کو اعظم نگر تھانے میں درج متنازع بیان کیس میں عدالت نے بری کر دیا ہے۔ جمعہ کے روز ایم پی/ایم ایل اے مجسٹریٹ کورٹ نے فیصلہ سنایا، جس کے بعد یوپی بھر میں ان کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
یہ کیس اس بیان سے متعلق تھا جو اعظم خان نے سابق راجیہ سبھا رکن امر سنگھ کی بیٹیوں کے بارے میں ایک نجی ٹی وی انٹرویو کے دوران دیا تھا۔ امر سنگھ نے تب لکھنؤ میں شکایت درج کروائی تھی اور اسے شدید قابلِ اعتراض قرار دیا تھا۔ چونکہ بیان جوہر یونیورسٹی کیمپس میں دیا گیا تھا، لہٰذا کیس بعد میں رام پور کے اعظم نگر تھانے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے تفتیش مکمل کرنے کے بعد چارج شیٹ داخل کی اور مقدمہ خصوصی ایم پی/ایم ایل اے عدالت میں چلایا گیا۔ حتمی دلائل منگل کو مکمل ہوئے اور فیصلہ 28 نومبر کے لیے محفوظ کیا گیا تھا۔ عدالت نے اعظم خان کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم بھی دیا تھا۔ جمعہ کو عدالت نے اپنے اہم فیصلے میں اعظم خان کو تمام الزامات سے بری کر دیا، جسے ان کے لیے بڑی قانونی جیت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس فیصلے کے بعد ایس پی کارکنوں نے جشن منایا۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو دوہرے پین کارڈ کیس میں رام پور کی عدالت نے سزا سنائی تھی، اور دونوں اس وقت جیل میں ہیں۔
