دہلی کی اپوزیشن لیڈر آتشی کی مبینہ طور پر سکھ گروؤں کی توہین والی ویڈیو نے نیا موڑ لے لیا۔ جالندھر پولیس نے دہلی کے وزیر کپل مشرا کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں ہیرا پھیری سے “گرو” کا لفظ جوڑا گیا ہے۔ شکایت اقبال سنگھ کی ہے جس میں کہا گیا کہ آتشی نے اصل ویڈیو میں یہ لفظ استعمال نہیں کیا۔
دہلی اسمبلی کے اسپکر وجیندر گپتا نے اس ایف آئی آر کو ایوان کے استحقاق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے اندر ریکارڈ کی گئی ویڈیو ایوان کی ملکیت ہے اور اس بنیاد پر کیس درج کرنا ناقابل قبول ہے۔ اسپکر نے جالندھر پولیس کمشنر کو طلب کرنے کا اشارہ بھی دیا۔
دہلی کے وزیر آشیش سود نے پنجاب حکومت پر سیاسی دباؤ اور سرکاری مشینری کے غلط استعمال کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا ہے کہ ویڈیو پہلے ہی فارنسک جانچ کے لیے بھیج دی گئی ہے، اس کے باوجود ایف آئی آر قابل اعتراض ہے۔ کپل مشرا نے اپنے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کی کہ “کیجریوال جی، آپ کی ایف آئی آر اور پولیس کا خوف ہمیں نہیں ڈرا سکتا”۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو اسمبلی ریکارڈ میں ہے اور آتشی نے اسپکر کے فون کے باوجود اسمبلی آنے کی ہمت نہیں دکھائی۔
یہ تنازع اب آئینی اختیارات، اسمبلی استحقاق اور بین الریاستی سیاست کی جنگ بن چکا ہے جو دہلی اور پنجاب کی حکومتیں آمنے سامنے لا کھڑا کر رہا ہے۔
