بھٹکل (فکروخبرنیوز ) 28 نومبر 2024 کو انجمن پی یو سی کیمپس میں "انجمن ایکسپلورا” کے تحت انڈین پبلک ہائی اسکول کے لڑکوں کے لیے مختلف تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں علی پبلک اسکول بھٹکل کے طلبہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا اور اپنے اسکول کا نام روشن کیا۔
اس پروگرام میں علی پبلک اسکول بھٹکل کے ہونہار طالب علم بلال افریقہ نے "مسٹر فٹ” کے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا، جو ان کی محنت اور فٹنس کے شوق کی عکاسی کرتا ہے۔
اسی طرح، راحل اور عسیل کی جوڑی نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے "innovative model” کے مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ان کا پیش کردہ ماڈل جدت اور محنت کا بہترین نمونہ تھا، جسے ججز نے بہت سراہا۔
یہ کامیابیاں نہ صرف ان طلبہ کی محنت کا نتیجہ ہیں بلکہ علی پبلک اسکول کے اساتذہ کی تربیت اور رہنمائی کا بھی منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے ان طلبہ کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔