انکولہ (فکروخبر نیوز) تعلقہ کے ہارواڑ گابت واڑہ کے قریب بحیرہ عرب میں مچھلیوں کے شکار کے دوران ایک ماہی گیرڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ ماہی گیر کی شناخت ہارواڑ گابت واڑہ کے رہائشی سہدیو عرف راجیش میتھا کے طور پر کی گئی ہے۔ اس ناگہانی موت کے بعد پورے گاؤں میں صفِ ماتم بچھ گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سہدیو روزانہ کی طرح اپنی معاش اور روزگار کے لیے ‘شری ماتا بھوانی’ نامی کشتی لے ماہی گیری کے لیے گیا ہوا تھا لیکن کچھ دور جانے کے بعد ان کی کشتی اچانک ایک ناگہانی حادثے کا شکار ہو کر گہرے پانی میں غرق ہو گئی۔ سمندر میں کشتی ڈوبنے کی خبر ملتے ہی آس پاس موجود دیگر ماہی گیروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سمندر کی تیز لہروں کے بیچ سے سہدیو کو باہر نکالا اور ساحل کی طرف لے آئے۔ لیکن افسوس کہ ساحل پر پہنچنے سے قبل ہی وہ دم توڑ چکے تھے۔




