بھٹکل : انجمن بوائز ہائی اسکول کا 25واں سالانہ جلسہ کا انعقاد اسکول ہی میں کل بروز اتوارمنعقد کیا گیا جس میں اسکول کا سب سے باوقار اعزاز وقارِ انجمن احمد ابن اسماعیل عارف اکرمی کو دیا گیا۔ دوسرے نمبر پر احمد مزیّن ابن محمد مقبول جوباپو اورمحمد کاشف ابن محمد ظفراللہ خورشے رہے۔
صبح کی نشست میں مہمانِ خصوصی ڈاکٹر عمران محتشم (ایم ڈی ایس اورل پیتھیلوجی) نے طلبہ سے تعلیمی میدان میں محنت کرنے پر زور دیا اور کہا کہ بغیر محنت انسان کو کوئی بھی چیز حاصل نہیں ہوتی۔ انہوں نے اپنے طالبِ علمی کی کئی ایک مثالیں پیش کرتے ہوئے طلبہ کو تعلیم پر پوری توجہ مرکوز کرنے اور وقت کے ضیاع سے بچنے کی نصیحت کی۔
صدرِ انجمن جناب یونس قاضیا نے طلبہ کو محنت ابھارتے ہوئے والدین کو بھی خطاب کرتے ہوئے بچوں کی فکری تربیت کرنے پر زور دیا۔
آخری نشست میں مہمانِ خصوصی جناب اشرف مصباح (صدر مرکز النوائط ابوظبی) نے اپنے تأثرات میں اسکول کی کارکردگی پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔
اسکول کی سالانہ رپورٹ ہیڈ ماسٹر حافظ عبداللہ رکن الدین نے پیش کی جس میں سال بھر کی کارکردگی پیش کی گئی۔
آخر میں مختلف میدان میں نمایاں کامیابی درج کرنے والوں کے درمیان انعامات تقسیم کیے گیے۔
اس موقع پر اسٹیج پر قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی ، نائب صدر انجمن جناب صادق پلور، جنرل سکریٹری جناب اسحاق شاہ بندری ، ہائی اسکول بورڈ سکریٹری جناب سعداللہ رکن الدین اور دیگر موجود رہے۔