بھٹکل کے نو کھلاڑیوں نے کھیلو انڈیا نیشنل بیچ گیمز میں کرناٹک کی نمائندگی کر کے تاریخ رقم کر دی

بھٹکل(فکروخبرنیوز):انجمن کالج بھٹکل کے نو طلبہ کو کھیلو انڈیا نیشنل بیچ گیمز کے عظیم الشان اسٹیج پر ریاست کرناٹک کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا۔ یہ قومی سطح کا بیچ فٹبال مقابلہ 5 جنوری سے دیو آئی لینڈ میں منعقد ہوا۔

اپنی پہلی ہی شرکت میں کرناٹک ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، جہاں اس کا مقابلہ گوا سے ہوا، جبکہ مجموعی طور پر ٹیم نے کانسہ کا تمغہ جیت کر ریاست کے لیے ایک یادگار کامیابی حاصل کی۔

ٹیم کرناٹک کی رہنمائی کوچ مسٹر سنجو کمار نے کی جبکہ ٹیم منیجر کے فرائض مسٹر دیپک ولیم نے انجام دیے۔ اس موقع پر یو کے ڈی ایف اے کے جنرل سیکریٹری جناب معاویہ محتشم اور کے ایس ایف اے کے نائب صدر جناب اسماعیل ایم مصباح بھی ٹیم کے ہمراہ موجود رہے۔

اس کامیابی پر کے ایس ایف اے کے صدر جناب این اے حارث کی قیادت کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جن کی متحرک رہنمائی میں ایگزیکٹو کمیٹی نے کرناٹک میں بیچ سوکر کے فروغ کے لیے کھلاڑیوں کو یہ سنہرا موقع فراہم کیا۔

واضح رہے کہ ان مقابلوں کی براہِ راست نشریات پرسار بھارتی اسپورٹس اور ڈی ڈی اسپورٹس چینل پر کی گئیں، جبکہ یہ میچز یوٹیوب پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

انجمن کے صدر جناب یونس قاضیا اور جنرل سکریٹری جناب اسحاق شاہ بندری سمیت دیگر عہدیداران اور اساتذہ نے ان طلبہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔