بھٹکل (فکروخبر نیوز) انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج بھٹکل میں طلبہ کو ایس آئی آر (SIR)، ووٹر تفصیلات کی جانچ اور نئے ووٹرز کے اندراج کے حوالے سے بیداری فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں بھٹکل بلاک کے ریسورس پرسن راگھویندر ایس مڈیوال نے طلبہ کو SIR کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے ووٹر آئی ڈی اور ووٹر فہرست میں درج تفصیلات کی جانچ کرنے اور کسی بھی غلطی کی صورت میں مقررہ مدت کے اندر اصلاح کروانے کی تلقین کی۔
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے تمام اہل نوجوان بلا تاخیر اپنا نام ووٹر فہرست میں درج کروائیں اور جمہوری عمل میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ایک درست و شفاف ووٹر فہرست کی تیاری میں ہر اہل شہری کا تعاون ضروری ہے۔
پروگرام کی صدارت کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد یوسف کولا نے کی، جبکہ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مبشر ہلّارے، پروفیسر بی ایچ ندّاف اور IQAC کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈی ایس پربھو موجود تھے۔ نشست کا آغاز عروہ قاضی کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ این ایس ایس افسر پروفیسر دامودر نائک نے استقبالیہ پیش کیا، بھاگیا گوڈا نے مہمانوں کا تعارف کرایا اور محمد غوث نے شکریہ ادا کیا، جبکہ افیا اور جیوتی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔




