انجمن بوائز انگلش میڈیم ہائی اسکول کا آج صبح اسکول کیمپس میں سالانہ جلسہ منعقد کیا گیا جس میں بطور مہمان خصوصی بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے سابق جنرل سکریٹری اور نوائط کمیونیٹی کے مشہورومعروف مؤرخ مولانا عبدالمتین منیری نے شرکت کی۔ مولانا نے اپنے خطاب میں تعلیم کے ساتھ تربیت، اخلاق اور کردار سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو قیمتی نصائح سے نوازا۔ اس موقع پر اسکول کے ہونہار طالب علم ایلاف ابن رئیس فاروقی کو وقارِ انجمن گولڈ میڈل کے لیے منتخب کئے جانے کا اعلان کیا گیا، جبکہ رنراَپ کے طور پر محمد جاسم ابن عمر جاوید تونسے اور محمد سیّان ابن حسین شبیر پوتے کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ یہ ایوارڈس آئندہ ہفتہ ہونے والے انجمن ڈے کی تقریب کے پہلے دن 13 دسمبر کو دیے جائیں گے۔
امسال سالانہ گیدرنگ کے دوران اسکول کے ادبی و کھیل کود کے مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات انعامات سے نوازا گیا۔
انجمن حامیٔ مسلمین کے صدر محمد یونس قاضیا کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس کا آغاز اسکول کے طالب علم محمد نوح سعدا کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ محمد حسن دامدا ابو نے نعتِ شریف پیش کی، فہد عجائب نے شرکاء کا استقبال کیا، جبکہ طاہرہ محمد مزمل نے مہمانِ خصوصی کا تعارف پیش کیا۔
اسکول کے ہیڈ ماسٹر حافظ عبداللہ رکن الدین نے سالانہ رپورٹ پیش کیااور سال بھر تعلیمی سرگرمیوں، کامیابیوں کا تفصیلی جائزہ سامنے رکھا۔ اس دوران طلباء نے ترانۂ انجمن پیش کیا۔ اسکول کے استاد محی الدین سُفیان نے شکریہ کلمات پیش کیا۔
پروگرام میں انجمن کے جنرل سکریٹری اسحاق شاہ بندری، نائب صدور، ہائی اسکول بورڈ سکریٹری ، پرائمری بورڈ سکریٹری سمیت دیگر ذمہ داران و اراکین اور سرپرستوں کی بڑی تعداد موجود تھیں۔





