بھٹکل (فکروخبرنیوز) اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول، بھٹکل میں جشنِ یومِ آزادی کے موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مجاہدینِ آزادی کی بے مثال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور قومی پرچم لہرایا گیا،اس مرتبہ تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ انجمن حامئی مسلمین، بھٹکل کے ماتحت چلنے والے تمام کالجز اور اسکولوں کی مشترکہ پرچم کشائی تاریخی اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے وسیع و عریض میدان، انجمن گراؤنڈ میں انجام پائی۔ اس موقع پر انجمن کے مختلف اداروں کے ذمہ داران، اساتذہ، طلبہ، محبان و ہمدردان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
تقریب کے آغاز میں جناب اسحاق شاہ بندری( جنرل سکریٹری انجمن حامئی مسلمین، بھٹکل )نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور تمام ذمہ داران، اساتذہ اور طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
جناب قاضیا یونس( صدر انجمن حامئی مسلمین، بھٹکل) نے قومی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کے بعد اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی ہے۔ ہمارے اسلاف نے آزادی کے حصول کے لیے بے مثال جدوجہد اور قربانیاں پیش کیں۔ علماءِ کرام سمیت مختلف طبقات اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے آزادی کی تحریک میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور بلا تفریقِ مذہب و ملت ہر ایک نے اپنی ذمہ داری ادا کی،انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے جائیں۔ دنیا تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور ہمیں بھی اسی رفتار کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور مصنوعی ذہانت یعنی AI کا دور ہے، اس لیے ہمارے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور نئے علوم سے واقف ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انجمن حامئی مسلمین بھی اس سمت میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے طلبہ کو خصوصاً سول سروسز کی جانب توجہ دلائی اور کہا کہ اس شعبے میں ترقی اور ملک و ملت کی خدمت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ آئی اے ایس، آئی پی ایس اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدوں کے لیے محنت اور تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عہدے کی مدت محدود ہوتی ہے، جبکہ سول سروس میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے والے افراد طویل عرصے تک ملک و ملت کی خدمت کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں اور اپنے منصب کے ذریعے معاشرے کے لیے بہت سے مفید کام انجام دے سکتے ہیں،اس میدان میں طلباکو تربیت دینے کے لئے انجمن اس میدان میں کام کررہاہے۔
انہوں نے اس موقع پرپچاس سال پرانی باتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انجمن حامئی مسلمین کے تمام اداروں کی مشترکہ پرچم کشائی کی یہ تقریب انہیں تقریباً پچاس سال پرانے زمانے کی یاد دلاتی ہے، جب وہ خود بھی اسی میدان میں ایک طالب علم کی حیثیت سے کھڑے ہوا کرتے تھے۔ آج اسی میدان میں طلبہ، اساتذہ، ذمہ داران اور انجمن کے محبان و ہمدردان کو ایک ساتھ دیکھ کر انہیں بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
آخر میں جناب نور محمد صاحب( صدرِ مدرس اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول، بھٹکل) نے کلماتِ تشکر پیش کیے۔ انہوں نے انجمن کے تمام ذمہ داران، محبان و ہمدردان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انجمن کے ماتحت چلنے والے تمام کالجز اور اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ، طلبہ، ہائی اسکول بورڈ کے سکریٹری اور دیگر معاونین کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص ان طلباء واساتذہ کی خدمات کو سراہا جنہوں نے تقریب کے لیے انجمن گراؤنڈ کو خوبصورتی کے ساتھ تیار کرنے میں محنت کی،اسی پر یہ پُروقار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر عبدالحفیظ ندوی نے انجام دی۔
رپورٹ : ڈاکٹر عبدالحفیظ خان ندوی




