بھٹکل 31 اگست (فکروخبر نیوز): آزاد نگر فرینڈس ایسوسی ایشن (انفا) کی جانب سے آزاد نگر تھرڈ کراس پر عوامی سہولت کے لیے جدید پانی فلٹر نصب کیا گیا ہے جس کا افتتاح قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ افتتاح کے موقع پر مولانا نے عمارت کے مین گیٹ اور نل کھول کر اس منصوبے کو عوام کے سپرد کیا۔
افتتاحی تقریب میں مقررین نے صاف اور شفاف پانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور اسی مقصد کے تحت انفا نے عوامی مقامات پر پانی فلٹر جیسی سہولیات فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے جس کی پہلی کڑی آپ کے سامنے ہے۔
انفا کے ذمہ داران نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح و بہبود کے جذبے کے تحت مفت شروع کیا گیا ہے اور اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی انفا کی ہی ہوگی۔ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ آئندہ بھی دیگر مقامات پر انفا کی طرف سے صاف پانی کے فلٹر نصب کیے جائیں گے۔
اس موقع پر انفا کے صدر مولانا محمد الیاس ندوی، نائب صدر مولانا انصار ندوی، جنرل سکریٹری مولانا عبدالرحمن شیپائی، سابق جنرل سکریٹری مولانا عبدالحسیب منا ندوی اور دیگر معززین موجود تھے۔




