بھٹکل (فکروخبرنیوز) مولانا ابو الحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کے قیام کے پچیس سال اور علی پبلک اسکول کے قیام کے پندرہ سال مکمل ہونے پر 17،18 اور 19 جمادی الثانی 1447 ھ مطابق 8،9 اور 10 دسمبر 2025ء بروز پیر، منگل اور بدھ علی پبلک اسکول و پری یونیورسٹی کالج کے زیرا ہتمام ایک تاریخی اسلام وسائنس نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس بات کی اطلاع ادارہ کے بانی وجنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش میں سائنس کے تعلق سے طلبہ وطالبات کی تخلیقی صلاحیتوں پر مشتمل دلچسپ ورکنگ ماڈلس کے علاوہ سیرت النبی ﷺ کے تاریخی مقامات، عہد نبوی کی مسجد نبوی حضرت عائشہ کا مکان ، قدیم مکہ مکرمه و مدینہ منورہ اور ابتدائی زمانہ کے عہد ابراہیمی وعہد نبوی کے کعبۃ اللہ وحرم شریف کے ماڈلس وغیرہ کے ساتھ ساتھ نوائط تہذیب پر مشتمل ثقافتی ماڈلس جیسے قدیم شہر بھٹکل / پرانے مکانات / قدیم مساجد اور قدیم بازار وغیرہ کے ماڈلس بھی ہونگے ۔
اس کے علاوہ مولانا ابو حسن ندوی اسلامک اکیڈمی واقع جامعہ آباد روڈ بھٹکل کی خوبصورت عمارت میں ڈاکٹر علی ملپا صاحب ہال میں موجود قرآن میوزیم بھی عوام کے معائنے کے لئے دستیاب ہوگا جس میں قرآن مجید سے متعلق نادر مصاحف مثلاً صرف دو انچ کا ہاتھ سے لکھا ہوا قرآن مجید ، سترہ فٹ لمبے اور ایک فٹ چوڑے کپڑے پر ہاتھ سے لکھا ہوا مکمل قرآن مجید ، عہد مغلیہ کا ساڑھے تین سو سال پرانا قرآنی نسخہ، ساڑھے تین سوکلو وزنی تانبہ پہ لکھے ہوئے قرآن مجید کا ایک حصہ ، بھٹکل کی تاریخی سلطان مسجد کی تعمیر کے بعد بھٹکلی خاندان کے نام مسجد کی تولیت کے تعلق سے حضرت ٹیپو سلطان کی طرف سے لکھا ہوا خط وغیرہ موجود ہیں۔ مولانا موصوف نے اس دلچسپ اسلامی و سائنسی نمائش میں شرکت کی گذارش کی ہے۔
نمائش کا نظام الاوقات
بروز پیر17 جمادی الثانی 1447ھ مطابق 8 دسمبر 2025ء صرف خواتین کیلئے
بروز منگل 18 جمادی الثانی 1447ھ مطابق 9 دسمبر 2025ء صرف مردوں کیلئے
بروز بدھ 19 جمادی الثانی 1447ھ مطابق 10 دسمبر 2025ء صرف خواتین کیلئے
نمائش کے اوقات: صبح 10 بجے تا 2 بجے ظہر
نمائش کے مقامات
(1) مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی ، جامعہ آبادروڈ بھٹکل
(2) علی پبلک پری یونیورسٹی گرلز کالج کیمپس ( مولانا عبد العزیز خلیفہ ندوی بلاک )
(3) علی پبلک اسکول ہوسٹل بلڈنگ ( محتشم عبد الرحمن بلاک )
(4) علی پبلک اسکول گرلزس اسکول بلڈنگ ( عبد الحمید دامودی بلاک )
(5) علی پبلک اسکول مرکزی عمارت ( مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی بلاک )



