بھٹکل(فکروخبرنیوز) علی پبلک اسکول وپری یونیورسٹی کالج بھٹکل کی طرف سے کل سے اسلام اور سائنس کے عنوان پر پرکشش نمائش جاری ہے۔ آج صبح دس بجے سے دوپہر دو بجے تک مردوں کے لیے نمائش دیکھنے کا موقع تھا جہاں مختلف مدارس اور اسکولوں کے طلبہ سمیت شہر کی معزز شخصیات اور عمائدین نے شرکت کی اور اپنے بے انتہا خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے فکروخبر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان چھوٹی عمر کے طلبہ نے جس طرح نمائش کی شکل میں اپنے تخیّل کو عملی جامہ پہنایا ہے وہ بیان سے باہر ہے۔ اس موقع پر اسکول کے بانی وجنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے مختلف شخصیات کو مختلف ماڈلز دکھائے جس کے بعد سرکل انسپکٹر دیواکرنے اپنی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علی پبلک اسکول کے طلبہ اس حد تک آگے بڑھے ہوئے ہیں اس کا اندازہ مجھے نہیں تھا۔ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمن منیری نے بھی اپنے تعجب کا اظہار کیا۔ اسی طرح مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالرقیب ندوی وغیرہ بھی اپنے تأثرات کا اظہار کیا اور طلبہ ، اساتذہ اور ان کے والدین کو بھی مبارکباد پیش کی۔
طلبہ نے مختلف ماڈلز کے ذریعہ اسلام کے ارکان سمیت ، مسجدِ نبوی ، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا حجرہ ، قبر کی شکلیں اوراس میں انسانوں کے ساتھ رونما ہونے والے حالات کو بھی عملی شکل دے کر سبھوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ دوسری طرف سائنس کے مختلف ماڈلز خصوصاً ٹیم وولٹیج کے روبوٹک پروجیکٹ سمیت فارینسک رپورٹ ، ہوا اور کچرے کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے طریقے، اور کڑک گرج کے ساتھ بارش کی عملی شکلوں نے طلبہ کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ نمائش پانچ عمارتوں میں پھیلی ہوئی ہے ۔ داخل ہوتے ہیں آپ کو مختلف راکٹ اور چندریان آپ کے استقبال کے لیے تیار ہے۔ آگے بڑھتے ہیں تو تاج محل کی خوبصورت عمارت آپ کے سامنے کھڑی نظر آئے گی۔ مختلف کمروں میں رکھے ماڈلز کی تفصیلات بیان کرنے کے لیے طلبہ کھڑے ہیں جو ہر ماڈلز کی تفصیلات اس طرح بیان کرتے ہیں جس سے ان کو سمجھنے میں بڑی مدد ملتی ہے۔ آپ کو وہاں ہاؤڑا پل بھی نظر آئے گا اور ہینگنگ پل بھی ، آپ چاند کی زمین اور وہاں رونما ہونے والے حالات سے بھی واقف ہوجائیں گے۔ آپ بالکل قریب سے ہوائی جہاز کے ٹیک آف اور لینڈنگ کا بھی مشاہدہ کریں گے۔ قبرمیں انسان کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کو دیکھ کر آپ کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے۔ اس کے مختلف ماڈلز کو دیکھ کر طلبہ کی صلاحیتوں کا اندازہ لگاتے ہوئے آپ کڑک اور گرج اورتیز ہواؤوں کے درمیان ہونے والی بارش کا بھی مزہ لیں گے۔ آپ کی خوشی کی انتہا نہیں رہے گی جب آپ کو اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ کی دور میں مسجد کی ماڈل میں خود کو کھڑا دیں گے۔ چھپر کی چھت اور کنکریوں کی زمین اس وقت کی عبادت میں ہونے والی مشقتوں کو محسوس کریں گے۔ حجرۂ عائشہ میں قدم رکھتے ہی آپ کو دو جہاں کے سردار کی سادگی کا عملی نمونہ دیکھنے کو ملے گا۔ پرانے بھٹکل اور پرانے گھرمیں استعمال ہونے والی اشیاء اور نوائط تہذیب وثقافت کی جھلکیاں آپ کی پرانی یادیں تازہ کریں گی۔ یہ نمائش اتنی بڑی ہے کہ آپ کو اس کے لیے کم از کم دو گھنٹے فارغ کرنے پڑیں گے۔
نمائش دیکھنے والوں نے اپنی حیرت اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی داد دی اور ان کے اساتذہ و معلمات کی رہنمائی پر انہیں بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تعلیمی دور میں طلبہ کی صلاحیتوں کو صحیح رخ دیا جائے تو طلبہ کا مستقبل ان کے والدین اور اساتذہ کو واضح طور پر روشن نظر آئے گا۔




