الفلاح یوتھ سرویس آرگنائزیشن کی طرف سے تعلیمی ایوارڈ پروگرام

بھٹکل (فکروخبرنیوز) الفلاح یوتھ سرویس آرگنائزیشن کی طرف سے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں میں پہلی مرتبہ تعلیمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔اسی طرح کھیل اور ثقافتی میدان میں اپنی کارکردگی پیش کرنے والوں کے درمیان انعامات تقسیم کرتے ہوئے ان کی ہمت افزائی بھی کی گئی۔ حفظِ قرآن ، عالمیت ، ایس ایس ایل سی ، پی یو سی اور دیگر میدانوں میں اپنے جوہر دکھانے والے طلبہ اور طالبات کی خدمات یہ اعزاز پیش کرتے ہوئے یہ پیغام دیا گیا کہ تعلیمی میدان میں دوسروں کے لیے نمونہ بننے والوں کا اسی طرح ہمت افزائی کی جانی ضروری ہے۔  
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے تعلیمی میدان میں نوجوانوں کو آگے بڑھانے پر ابھارتے ہوئے وقت کی ضرورت اور نزاکت کے مطابق تعلیمی میدان کے انتخاب پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سب سے زیادہ ملک کو سیول سرویس میں ہمارے نوجوانوں کی نمائندگی کی ضرورت ہے جووزیراعلیٰ سے وزیر اعظم پر بھاری ہوسکتے ہیں۔ قانون سازی میں سب سے بڑا کردار اسی میدان کے شہسواروں کا ہوتا ہے۔ مولانا نے اس کے لیے منظم لائحہ عمل طئے کرکے ہمارے نوجوانوں کوآگے بڑھانے کی بات کہی اور کہا کہ شکست سے عزائم کمزور پڑنے کے بجائے مضبوط ہونے چاہیے اور اپنی شکست سے سبق حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھنے پر زور دیا۔

مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور الفلاح کے سرپرست مولانا مقبول احمد ندوی نے محلہ کے کئی محسنین کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی خدمات کی تفصیلات بھی بیان کی۔ خصوصاً سابق مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور سابق امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل حضرت مولانا عبدالباری ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی خدمات اور ان کی فکروں کا نچوڑ پیش کیا جس سے کئی پرانی یادیں تازہ ہوگئیں۔

پروفیسر غانم محتشم نے کہا کہ بچوں کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ان کے لیے تعلیمی میدانوں کا انتخاب ہونا چاہیے نہ کہ کسی کا دیکھا دیکھی وہ اپنے میدان کا انتخاب کرے یا پھر والدین اپنے بچوں کے تعلیمی میدان کا انتخاب کرے ۔ افسوس یہ ہے کہ  ہم یہ نہیں دیکھتے کہ ہمارا بچہ اس تعلیمی میدان میں دلچسپی بھی رکھتا ہے یا نہیں۔ پروفسیر غانم نے خصوصاً طلبہ کو توجہ دلائی کہ وہ ناکامی کی وجہ سے اپنی ہمت نہ ہاریں بلکہ اس کو کامیابی کا زینہ سمجھتے ہوئے آگے بڑھتے چلے جائیں۔ انہوں نے اس کی کئی ایک مثالیں بھی پیش کیں۔

واضح رہے کہ تلاوتِ قرآن سے شروع ہونے والے اس پروگرام میں نظامت کے فرائض مولوی بشارندوی نے انجام دیئے ، استقبالیہ کلمات اور جلسہ کے اغراض و مقاصد پر مولوی عبداللہ شریح ندوی نے روشنی ڈالی، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کےصدر مولانا وصی اللہ ندوی نے حالات کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ صدارتی کلمات صدر الفلاح جناب اسماعیل جوباپو نے پیش کیے۔ دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔