جامعہ اکل کوا کے طلبہ کو قرآن کی برکت سے عمرہ کی سعادت

معروف دینی اور علمی ادارے جامعہ اکل کوا کی طرف سے ان طلبہ کو جنہوں نے ۱۰۰؍ دنوں میں حفظ قرآن مکمل کیا عمرہ کیلئے بھیجا گیا ہے۔ اس کے ساتھ قرآن کریم سے متعلق مقابلوں میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی اس روحانی سفرکیلئے پروانہ مرحمت کیا گیا ہے۔ 
 اطلاع کے مطابق جامعہ اکل کوا نے اعلان کیا تھا کہ ادارے کی جانب سے منعقدہ آل انڈیا مسابقۃ القرآن الکریم میں ممتاز مقام حاصل کرنے والوں کے علاوہ جامعہ کے خصوصی شعبے ’صغار حفاظ‘ کے وہ طلبہ جنہوں نے ۱۰۰؍ دن میں تکمیل حفظ کیا ہے انہیں، ان کے اساتذہ کے ساتھ عمرہ کیلئے روانہ کیا جائے گا۔ حسب وعدہ پیر (۲۳؍ ستمبر ۲۰۲۴ء) کو ان تمام کو ممبئی ائیر پورٹ سے اس عظیم سفر پر روانہ کیاگیا۔ جامعہ کے رئیس مولانا غلام محمد وستانوی نے کہاکہ ’’کتاب اللہ اور بیت اللہ میں بڑی مناسبت ہے، جسے بیت اللہ جانا ہے وہ اسباب کی فکر نہ کرے کتاب اللہ سے رشتہ جوڑے اللہ بیت اللہ پہنچا دے گا۔ ‘‘ ان طلبہ کو کچھ اسی طرح یہ سعادت نصیب ہوئی ہے۔ 
گزشتہ سال منعقد کئے گئے آل انڈیا مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنے والے ہندوستان بھر سے ۱۵؍ طلبہ اور ۱۰۰؍دن کے اندر کلام پاک حفظ کرنے والے ۴؍ طلبہ اور ان کے ۳؍ اساتذہ، اسی طرح طلبہ کی رہبری کیلئے جامعہ کے دو مؤقر اساتذہ صدر شعبہ حفظ مفتی طاہر اور مقابلے کی نظامت کرنے والے مفتی مجاہد کو خاص طور سے مسائل وغیرہ کی رہنمائی کیلئےجانشین رئیس جامعہ مولانا حذیفہ وستانوی نے عمرہ کیلئے اپنی دعاؤں اور نصیحتوں کے ساتھ روانہ کیا۔ ان طلبہ کو اقبال بھائی وسئی والا کی فیملی نے بطور انعام ممبئی میں مدعو کیا ہے۔ مولانا یحییٰ اور مولانا عمران نندورباری نے طلبہ کو ایئر پورٹ تک پہنچایا۔ اور انہیں دعائیں دیں کہ ان کا یہ سفر با عافیت تکمیل تک پہنچے اور اللہ کی بارگاہ میں قبولیت حاصل کرے۔ 

بشکریہ : انقلاب

«

ریسٹورانٹ اور ڈھابوں پر مالک کا نام لکھنے کا یوگی حکومت نے جاری کیا فرمان