بی جے پی کی مخالفت کے باوجود کیا نواب ملک کو ٹکٹ دیں گےا جیت پوار؟

جیسے جیسے مہاراشٹر اسمبلی کے انتخابات قریب آرہے ہیں، ریاست میں انتخابی  پارہ بلند ہوتا جارہا ہے۔ این سی پی(اجیت پوار ) رہنما  نواب ملک نے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا  ہےکہ وہ  29 اکتوبر کو مانخوردشیواجی نگر اسمبلی حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔

نواب ملک نے کہا کہ عوام نے ان سے یہاں سے الیکشن لڑنے کی درخواست کی ہے۔ مانخوردشیواجی نگر میں جاری غنڈہ گردی اور منشیات کے کاروبار سے لوگ کافی پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ  لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور وہ مانخوردشیواجی نگر سے الیکشن لڑیں گے اور ضرور جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ ’ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون میری مخالفت کر رہا ہے، عوام میرا ساتھ دے رہی ہے اور میں الیکشن لڑوں گا۔‘

واضح رہے کہ بی جے پی نے نواب ملک کی امیدواری کی مخالفت کی ہے۔ ممبئی بی جے پی کے صدر آشیش شیلار نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے این سی پی (اجیت پوار) رہنما  نواب ملک کی امیدواری کے خلاف ہے۔ آشیش شیلار نے کہا تھا کہ’ ہم انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے جڑے کسی کو ٹکٹ دینا  قبول نہیں کریں گے۔‘

شیلار نے کہا تھا کہ’ ہم نواب ملک کی حمایت نہیں کریں گے اور ہمارا موقف مختلف ہوگا۔ ‘وہ میڈیا رپورٹس پر ردعمل دے رہے تھے کہ ممبئی ساؤتھ سینٹرل کے انوشکتی نگر سے موجودہ ایم ایل اے نواب ملک اب مانخورد شیواجی نگر سے الیکشن لڑ سکتے ہیں اور اپنی بیٹی ثنا ملک کے لیے انوشکتی نگر اسمبلی سیٹ چھوڑ سکتے ہیں، جو ڈیبیو کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اجیت پوار گروپ نے انوشکتی نگر سے ثنا ملک کے نام کا اعلان کیا ہے۔ تاہم پارٹی نے ابھی تک مانخود شیواجی نگر سے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔ مہاراشٹر میں 20 نومبر کو ووٹنگ ہوگی، جب کہ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔