آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا انتیسواں اجلاس عام تاریخ ساز ہوگا!.,مجلس استقبالیہ برائے اجلاس عام کی کور کمیٹی کی اہم مشاورتی نشست!

بنگلور، 16/ نومبر 2024ء ( فکروخبر/پریس ریلیز): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا انتیسواں اجلاس عام ریاست کرناٹک کی معروف دینی و تربیتی درسگاہ دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلور میں 23 – 24 نومبر 2024ء کو منعقد ہونے جارہا ہے، اس موقع پر 24/ نومبر بعد نماز عصر تا عشاء عید گاہ قدوس صاحب، ملرس روڈ، بنگلور میں ایک عظیم الشان عمومی اجلاس بعنوان”تحفظ شریعت و تحفظ اوقاف“ منعقد ہوگا۔اجلاس عام کی تیاریوں کیلئے تمام مکاتب فکر، مسالک اور دینی، ملی جماعتوں اور تنظیموں کے نمائندگان اور عمائدین شہرپر مشتمل ایک”مجلس استقبالیہ“ تشکیل دی گئی ہے، اور مختلف کاموں کیلئے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ تمام متعلقہ امور کا جائزہ لینے اور اس پر فیصلہ کرنے کیلئے مجلس استقبالیہ سے چند اہم اور نمائندہ حضرات کا انتخاب کرکے ایک ”کور کمیٹی“ بنائی گئی ہے۔ جس کا ایک اہم مشاورتی اجلاس دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلور میں امیر شریعت کرناٹک حضرت مولانا صغیر احمد رشادی صاحب،کنوینر مجلس استقبالیہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف کمیٹیوں کے کنوینر حضرات نے اپنی متعلقہ کمیٹیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی، کاموں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔ بالخصوص عمومی اجلاس کمیٹی کے کنوینر حضرت مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عمومی پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تدابیر اختیار کی گئی ہیں اور اسکے انتظامات کیلئے مختلف ذیلی کمیٹیاں بطور خاص اسٹیج،سیکورٹی، پارکنگ والینٹیر، خدمت علماء وغیرہ بھی تشکیل دی گئی ہیں، اسی کے ساتھ پولیس محکمہ اور دیگر اداروں سے اجازت اور مختلف امور پر مشورہ بھی کرلیا گیا ہے۔ ماحول سازی کمیٹی کے کنوینر حضرت مفتی محمد مقصود عمران رشادی صاحب نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریاست کے ہر ضلع میں ضلعی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور انکی نگرانی میں فضا سازی کیلئے چھوٹے بڑے اجلاس منعقد ہورہے ہیں جس میں بطور خاص ضلعی سطح کے پروگرام شامل ہیں، ریاست کے مختلف اضلاع سے ایک بڑی تعداد اجلاس عام میں شرکت کرنے والی ہے، کمیٹی برائے خصوصی نشست کے کنوینر جناب عبید اللہ شریف صاحب اور دفتر مجلس استقبالیہ کے ذمہ دار مولانا افتخار محسن صاحب نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ خصوصی نشست کی تیاریاں اپنے اختتامی مراحل میں ہیں، ارکان بورڈ کی آمد کی تفصیلات بھی تقریباً یکجا کرلی گئی ہیں، کمیٹی برائے طباعت و اشاعت کے کنوینر جناب سلیمان خان صاحب نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اجلاس عام کی مناسبت سے ایک خصوصی مجلہ شائع کیا جارہا ہے علاوہ ازیں بورڈ کے سابق صدور اور موجودہ صدر محترم کے خطبات اور پچھلے چوبیس سالوں کے اجلاس میں جاری کردہ اعلامیے بھی کتابی شکل میں مرتب ہو چکے ہیں جنہیں اس موقع پر شائع کیا جارہا ہے، بورڈ کی طرف سے مرتب کردہ تقریباً پندرہ کتابچے بھی یہاں سے شائع کئے جائیں گے، ان تمام پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے، کمیٹی برائے مالیات کے کنوینر جناب عاصم سیٹھ افروز صاحب نے بھی اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی، کمیٹی برائے علماء کرام کے کنوینر مولانا محمد زین العابدین رشادی و مظاہری صاحب نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شہر کے علماء کو جوڑ کر ایک نشست منعقد کی گئی تھی اور انہیں اپنے علاقوں میں پروگرام کی دعوت چلانے اور بطور خاص خطاب جمعہ میں اسی کو اپنا موضوع بنانے کی گزارش کی گئی ہے، کمیٹی برائے تشہیر کے کنوینر جناب محمد فرقان صاحب نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریاست بھر میں تشہیر کا کام تسلسل سے جاری ہے، جس کیلئے جہاں ضلعی ذمہ داران کو منتخب کیا گیا ہے وہیں مختلف ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں، اس کے علاوہ پوری ریاست کے پروگرام اور میٹنگز کی تفصیلات بھی یکجا کئے جارہے ہیں، اور اسے نشر کرنے کیلئے اخبارات، الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کا بھر پور استعمال کیا جارہا ہے، نیز ریاست بھر میں اشتہارات لگانے اور مساجد میں اعلانات کرانے کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے، علاوہ ازیں بورڈ کے عمومی اجلاس کو بورڈ کے چینل پر لائیو نشر کرنے کا نظام بھی بنا لیا گیا ہے، کمیٹی برائے ذرائع ابلاغ کے معاون کنوینر جناب سید شفیع اللہ صاحب نے بتایا کہ تین پریس کانفرنس منعقد کرنا طے پایا تھا، جس میں سے ایک ہوچکی ہے بقیہ دونوں کا انتظام کیا جارہا ہے، کمیٹی برائے نقل و حمل کے معاون کنوینر جناب نصر اللہ شریف آفتاب صاحب نے فرمایا کہ مہمانوں کی آمد کے سلسلے میں ایئرپورٹ اور ریلوے اسٹیشن دونوں جگہ پر مناسب انتظامات کر لئے گئے ہیں بالخصوص ہر ایک کیلئے سواری کا نظم رہے گا۔ جناب سلیمان خان صاحب معاون کنوینر نے بتایا کہ اس کے علاوہ اجلاس برائے خواتین کی ایک الگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی نگرانی میں مختلف پروگرام شہر میں منعقد کئے جارہے ہیں اور انکا اجلاس عام 20/ نومبر کی صبح 11 بجے سے اسی میدان میں منعقد ہوگا، طبی خدمات اور سیکورٹی کیلئے بھی الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جو اجلاس عام کے دونوں دن اپنی خدمات جاری رکھیں گی، جن کے کنوینر اپنی مصروفیات کی وجہ سے اس میٹنگ میں شریک نہیں ہوپائے۔ تمام کمیٹیوں کی رپورٹ پر حضرت امیر شریعت کرناٹک نے اطمینان کا اظہار کیا اور اجلاس عام کو کامیاب اور تاریخ ساز بنانے پر زور دیا کیونکہ ملک کے موجودہ حالات میں بورڈ کا اجلاس عام بڑی اہمیت کا حامل ہے، قابل ذکر ہیکہ کور کمیٹی کی مشاورتی نشست کا آغاز مولانا افتخار محسن صاحب کی تلاوت سے ہوا اور حضرت امیر شریعت کی دعا پر یہ مجلس اختتام پذیر ہوئی، شرکاء مجلس میں مذکورہ بالا کنوینر حضرات کے علاوہ مولانا شاکر اللہ رشادی صاحب، جناب محب اللہ خان امین صاحب، جناب مسعود عبد القادر صاحب، جناب تفہیم اللہ معروف صاحب، جناب سید اشرف صاحب، جناب مصدق اکیری صاحب، بطور خاص موجود تھے۔

«
»

ٹرمپ کی کامیابی اور مشرق وسطیٰ کا مستقبل

بھٹکل -بیندور روڈ پر پلٹی گاڑی ، مچھلی لے جانے والی مخصوص گاڑی پرمویشی منتقلی کی ہورہی تھی کوشش ،کیس درج