کرناٹک میں فرضی ڈاکٹروں کی اب خیر نہیں، سخت قانون لانے کی تیاری

بغیر طبی اہلیت کے علاج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان، دیہی علاقوں میں غریب عوام کو دھوکہ دینے والے غیر مستند ڈاکٹروں کو کرناٹک چھوڑنے کی ہدایت، نجی اسپتالوں کو بھی علاج کی فیس آویزاں کرنے کا حکم

بنگلورو: (28 نومبر 2026، فکروخبر) کرناٹک میں بغیر مطلوبہ طبی اہلیت کے علاج کرنے والے فرضی ڈاکٹروں کے خلاف ریاستی حکومت نے سخت کارروائی کی تیاری شروع کردی ہے۔ یو ٹی قادر نے کہا ہے کہ غیر مستند طبی معالجین پر لگام کسنے کیلئے حکومت جلد ہی ایک سخت قانون متعارف کرائے گی، تاکہ بالخصوص دیہی علاقوں میں غریب عوام کو غیر مجاز طبی خدمات کے نام پر دھوکہ دہی سے محفوظ رکھا جاسکے۔

جمعہ کو بنگلورو میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قادر نے کہا کہ فرضی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کیلئے موجودہ قوانین کافی مضبوط نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کئی افراد مطلوبہ طبی اہلیت کے بغیر کرناٹک میں علاج کررہے ہیں اور دیہی علاقوں کے غریب عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے ایسے افراد کو کرناٹک چھوڑ کر اپنی ریاستوں کو واپس جانے کیلئے کہا۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت غیر مجاز طبی خدمات کی روک تھام کیلئے جلد ہی سخت قانونی دفعات وضع کرے گی۔

آیورویدک ڈاکٹروں کو بھی مقررہ حدود کی پابندی کی ہدایت

یو ٹی قادر نے کہا کہ آیورویدک ڈاکٹروں کو بھی اپنے طریقۂ علاج کیلئے مقررہ قانونی حدود کی پابندی کرنی ہوگی۔ وہ صرف انہی ادویات کا استعمال کرسکتے ہیں جن کی انہیں قانونی اجازت حاصل ہے۔ انہیں اپنے دائرۂ اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے ایسے انجکشن لگانے یا طریقۂ علاج اختیار کرنے کی اجازت نہیں ہے جن کیلئے وہ مجاز نہیں ہیں۔

آشا کارکنان کیلئے ماہانہ 1500 روپے کی مراعات کا مطالبہ

آشا کارکنان کی جاری ہڑتال کے تعلق سے قادر نے بتایا کہ انہوں نے مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا کو مکتوب روانہ کرکے پہلے سے اعلان کردہ 1500 روپے ماہانہ کی ترغیبی رقم جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پارلیمنٹ میں منظور شدہ قرارداد کی نقل بھی مرکزی حکومت کو روانہ کی گئی ہے۔

سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی قلت کا اعتراف

قادر نے اعتراف کیا کہ ریاست کے متعدد سرکاری اسپتالوں میں بعض ادویات کی قلت پائی جارہی ہے۔ انہوں نے اس کیلئے ٹینڈر کے عمل، ادویات کی تیاری، فراہمی اور معیار کی جانچ میں ہونے والی تاخیر کو ذمہ دار قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ مریضوں کو مشکلات سے بچانے کیلئے آیوشمان بھارت۔آروگیہ کرناٹک اسکیم کے تحت ضروری ادویات کی خریداری اور فراہمی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

سانپ کے کاٹنے کے علاج کیلئے ادویات کا ذخیرہ لازمی

ریاست کے پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں سانپ کے زہر کا اثر زائل کرنے والی دوا کی کم از کم 10 شیشیاں اور تعلقہ اسپتالوں میں 30 شیشیاں ذخیرہ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع سطح کے ادویات کے مراکز کو بھی مناسب ذخیرہ رکھنے اور قلت کی صورت میں فوری فراہمی یقینی بنانے کیلئے کہا گیا ہے۔

نجی اسپتالوں کو علاج کی فیس آویزاں کرنے کا حکم

قادر نے نجی اسپتالوں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف طبی خدمات اور علاج کے اخراجات کی تفصیلات اپنے نوٹس بورڈ پر نمایاں طور پر آویزاں کریں، تاکہ مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج کے اخراجات سے متعلق پیشگی معلومات حاصل ہوسکیں۔

شیئر کریں۔