تبصرہ نگار : عتیق الرحمن ڈانگی ندوی
نامِ کتاب: نفوسِ قدسیہ (سیرتِ انبیاء آیاتِ قرآنیہ کی روشنی میں)
مصنف: مولانا محمد ناصر سعید اکرمی، بانی و ناظم معہد الامام حسن البنا، بھٹکل
صفحات : 559
قیمت : 600 روپے
ناشر: معہد الامام حسن البنا، بھٹکل
قرآنِ مجید میں انبیائے کرام علیہم السلام کے واقعات محض تاریخی تذکروں کی حیثیت نہیں رکھتے، بلکہ ان میں انسانیت کے لیے ہدایت، نصیحت اور عبرت کے بے شمار پہلو پوشیدہ ہیں۔ انبیائے کرام کی زندگیاں ایمان و یقین، صبر و استقامت، دعوت و تبلیغ اور اللہ تعالیٰ کی بندگی کے ایسے روشن نمونے پیش کرتی ہیں جن سے ہر دور کا انسان رہنمائی حاصل کرسکتا ہے۔ انہی واقعات کو قرآنی آیات کی روشنی میں یکجا کرکے عام فہم انداز میں پیش کرنے کی ایک کوشش مولانا محمد ناصر سعید اکرمی کی تصنیف ’’نفوسِ قدسیہ‘‘ ہے۔
زیرِ نظر کتاب میں مصنف نے قرآنِ مجید میں مذکور انبیائے کرام علیہم السلام کے حالات و واقعات کو حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت عیسیٰ علیہ السلام تک بیان کیا ہے۔ اس کتاب کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ مؤلف نے انبیائے کرام کے واقعات کو محض تاریخی معلومات فراہم کرنے کے لیے نقل نہیں کیا، بلکہ ان سے حاصل ہونے والے اسباق اور موجودہ حالات میں ان کی افادیت کو بھی واضح کرنے کی کوشش کی ہے۔
مصنف نے ’’عرضِ مؤلف‘‘ میں کتاب کے بنیادی مقصد کو واضح کرتے ہوئے لکھا ہے کہ قرآنِ مجید کوئی قصہ کہانی کی کتاب نہیں کہ اسے محض تفریح کی غرض سے پڑھا یا سنا جائے، بلکہ یہ ایک ایسا ہدایت نامہ ہے جو راہِ حق سے بھٹکے ہوئے انسانوں کو سیدھی راہ دکھاتا ہے۔ قرآنِ مجید انسانیت کے لیے رہنما اور رہبر کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کی مثال اس سنگِ میل کی سی ہے جو مسافر کو اس کی منزل اور درست سمت کی نشاندہی کرتا ہے۔
کتاب کی تالیف کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا محمد ناصر سعید اکرمی نے لکھا ہے کہ جب انہیں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت پر ’’حیاتِ طیبہ کے سنہرے اوراق‘‘ کے عنوان سے کتاب لکھنے کی سعادت حاصل ہوئی تو اس کی اشاعت کے بعد ان کے دل میں قرآنِ مجید میں مذکور دیگر انبیائے کرام علیہم السلام کی سیرت پر بھی لکھنے کا جذبہ پیدا ہوا۔
اس ارادے کو عملی شکل دینے میں ان کے بھانجے مولوی حسن غانم اکرمی ندوی کا بھی اہم کردار رہا۔ انہوں نے اپنے مدرسہ خیرالعلوم کے ترجمان دوماہی رسالے کے لیے انبیائے کرام کی سیرت پر ایک سلسلۂ مضامین شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ مؤلف کے مطابق ان کے خلوص اور دلچسپی نے اس کام کے آغاز میں تحریک پیدا کی، چنانچہ انہوں نے قلم اٹھایا اور انبیائے کرام کے حالات و واقعات پر لکھنا شروع کردیا۔
یہ مضامین قسط وار رسالے میں شائع ہوتے رہے۔ مؤلف کے بیان کے مطابق کتاب کی تالیف کے وقت تک تقریباً تیرہ یا چودہ قسطیں شائع ہوچکی تھیں، جن میں دو یا تین انبیائے کرام کا تذکرہ شامل تھا۔ تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے چند ہی مہینوں میں یہ سلسلہ ایک مستقل اور ضخیم کتاب کی شکل اختیار کرگیا۔
کتاب کے آغاز میں دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے استاذ مولانا عتیق احمد بستوی کا مقدمہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے انبیائے کرام علیہم السلام کی سیرت کے مطالعے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھا ہے کہ انبیائے کرام کے حالات امتِ مسلمہ، بالخصوص نئی نسل کے سامنے بار بار پیش کرنا نہایت مفید اور ضروری ہے۔ ان کی دعوتی جدوجہد، قربانیوں، محنتوں اور طریقۂ دعوت کے مطالعے سے امت کو بیش قیمت رہنمائی حاصل ہوتی ہے، دعوتِ اسلام کا جذبہ بیدار ہوتا ہے اور دینی خدمات کے لیے محنت اور قربانی کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔
صاحبِ کتاب مولانا محمد ناصر سعید اکرمی علمی و تصنیفی سرگرمیوں کے حوالے سے محتاجِ تعارف نہیں۔ ’’نفوسِ قدسیہ‘‘ ان کی پہلی تصنیف نہیں، بلکہ اس سے قبل بھی ان کی متعدد کتابیں منظرِ عام پر آچکی ہیں۔ مولانا کا کتابوں سے گہرا تعلق اور کتب بینی کا ذوق ان کی علمی سرگرمیوں سے بخوبی ظاہر ہوتا ہے۔
مولانا موصوف جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں کئی برسوں تک حدیث اور ادب کی کتابیں پڑھانے کی ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بھٹکل میں قائم معہد الامام حسن البنا کے بانی و ناظم ہیں، جہاں علمی، دینی اور اصلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مولانا کی کتاب دوستی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے معہد کے زیرِ اہتمام صرف اپنی تصانیف کی اشاعت پر اکتفا نہیں کیا، بلکہ دیگر اہلِ علم و قلم کی کتابوں کو بھی شائع کرکے عام قارئین تک پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
اس کے ساتھ وہ خواتین کی دینی تعلیم و اصلاح اور تربیت کے میدان میں بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسکولوں میں زیرِ تعلیم طالبات کے لیے حفظِ قرآن کی خصوصی کلاسوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے، جن سے اب تک متعدد طالبات قرآنِ مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرچکی ہیں۔
جہاں تک زیرِ نظر کتاب کے اسلوبِ نگارش کا تعلق ہے، مؤلف نے آسان، سلیس اور عام فہم زبان اختیار کی ہے۔ انبیائے کرام کے واقعات کو غیر ضروری طوالت اور تکرار سے بچاتے ہوئے قرآنی آیات کی روشنی میں بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ واقعات سے حاصل ہونے والے دروس و نصائح اور عصرِ حاضر کے حالات میں ان کی معنویت کو واضح کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
یہ پہلو کتاب کو محض واقعات کے مجموعے سے آگے بڑھا کر ایک اصلاحی اور تربیتی مطالعے کی صورت دیتا ہے۔ قاری کو انبیائے کرام کی زندگیوں سے واقفیت کے ساتھ ان کی عملی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
مولانا یامین قاسمی، مبلغ دارالعلوم دیوبند نے کتاب کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ محض انبیائے کرام علیہم السلام کے تاریخی واقعات کا مجموعہ نہیں، بلکہ ان واقعات سے حاصل ہونے والے دروس و عبر کو بھی دل نشیں اور مؤثر انداز میں پیش کرتی ہے۔
ان کے مطابق کتاب میں انبیائے کرام کی دعوتی جدوجہد، اخلاقی عظمت و رفعت، عبادت و بندگی اور صبر و رضا کے مختلف پہلو نمایاں کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اسے روحانی پاکیزگی اور ایمانی تازگی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ موجودہ دور میں، جب فکری اور عملی انحرافات کے خطرات بڑھ رہے ہیں، انبیائے کرام کی سیرت اور ان کی بنیادی دعوت سے واقفیت نہایت ضروری ہے۔
بلاشبہ انبیائے کرام علیہم السلام کی سیرت کا مطالعہ ہر دور میں اپنی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کی زندگیاں انسان کو ایمان کی پختگی، حق پر ثابت قدمی، دعوت کے میدان میں صبر و استقامت اور اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسے کا درس دیتی ہیں۔
’’نفوسِ قدسیہ‘‘ اسی پیغام کو قرآنی آیات کی روشنی میں عام قارئین تک پہنچانے کی ایک قابلِ قدر علمی و اصلاحی کوشش ہے۔ 559 صفحات پر مشتمل یہ کتاب بالخصوص ان قارئین کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے جو انبیائے کرام علیہم السلام کی سیرت سے واقفیت حاصل کرنے کے ساتھ ان کی زندگیوں میں پوشیدہ عملی اسباق سے بھی استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔




