آٹھ دنوں سے متاثرین کی امداد اور ان کے حالات کو دستاویزی شکل دینے میں مصروف تھے، دہلی واپسی سے قبل پولیس نے تھانے پہنچایا، حراست کی وجوہات بتانے سے بھی گریز، پولیس کا باضابطہ بیان تاحال سامنے نہیں آیا
گوہاٹی: (28 نومبر 2026، فکروخبر) آسام میں بڑے پیمانے پر جاری بے دخلی اور بلڈوزر کارروائیوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے مسلم خاندانوں کی مدد کیلئے پہنچے معروف سماجی کارکن اور مائلز ٹو اسمائل فاؤنڈیشن کے بانی آصف مجتبیٰ کو سنیچر کے روز لکھیم پور ضلع میں پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اطلاعات کے مطابق انہیں بوگیناڈی پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے، تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ پولیس نے انہیں کس بنیاد پر حراست میں لیا ہے۔
آصف مجتبیٰ گزشتہ آٹھ دنوں سے آسام میں مقیم تھے، جہاں وہ بلڈوزر کارروائیوں اور بے دخلی سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے ساتھ ان کے حالات کو دستاویزی شکل دینے میں مصروف تھے۔ ملت ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ دہلی واپسی کیلئے ہوائی اڈے جارہے تھے کہ پولیس انہیں تھانے لے آئی۔
پولیس اسٹیشن سے ’دی آبزرور پوسٹ‘ کے ساتھ گفتگو میں آصف مجتبیٰ نے بتایا کہ انہیں تقریباً دو گھنٹوں سے تھانے میں بٹھا کر رکھا گیا ہے، لیکن پولیس یہ بتانے کیلئے تیار نہیں کہ ان کے خلاف کس دفعہ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے اور آیا انہیں گرفتار کیا جارہا ہے یا محض حراست میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل بھی پولیس نے انہیں متعدد مقامات پر روکا تھا اور ان سے یہ سوالات کئے گئے تھے کہ وہ یہاں کیوں آئے ہیں، کس طرح پہنچے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کا ان کا مقصد کیا ہے۔ آصف مجتبیٰ کے بقول انتظامیہ نہیں چاہتی تھی کہ وہ بلڈوزر کارروائیوں سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں۔
واضح رہے کہ لکھیم پور ضلع میں حالیہ دنوں کے دوران بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائیاں انجام دی گئی ہیں۔ 13 نومبر کو بوگیناڈی علاقے میں تقریباً 320 ہیکٹر مخصوص چراگاہ کی اراضی پر آباد 135 خاندانوں کے مکانات منہدم کردیئے گئے تھے، جن میں اکثریت بنگالی زبان بولنے والے مسلمانوں کی تھی۔ ضلع میں تقریباً 450 خاندانوں کو بے دخلی کے نوٹس جاری کئے گئے تھے۔
مکانات سے محروم ہونے کے بعد دریا کے کنارے عارضی ٹھکانے بنانے والے خاندانوں کو بھی راحت نصیب نہیں ہوئی۔ 19 نومبر کو انتظامیہ نے بوگیناڈی ندی کے کنارے پناہ لینے والے 25 سے 30 خاندانوں کے عارضی ٹھکانے بھی ہٹا دیئے تھے۔
’دی نیو ہیومنیٹیرین‘ کی مارچ 2026 کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مئی 2021 سے 2026 کے اوائل تک آسام میں کم از کم 33 بے دخلی مہمات چلائی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں 20 ہزار سے زائد خاندان بے گھر ہوئے ہیں۔ دوسری جانب آسام حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائیاں سرکاری اور جنگلاتی اراضی سے غیر قانونی قبضے ہٹانے کیلئے کی جارہی ہیں۔ حکومت کسی مخصوص طبقے کو نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔
آصف مجتبیٰ کی تنظیم مائلز ٹو اسمائل فرقہ وارانہ تشدد، ہجومی تشدد اور انہدامی کارروائیوں سے متاثرہ افراد کی امداد اور بازآبادکاری کیلئے سرگرم ہے۔ 2020 کے دہلی فسادات کے بعد متاثرہ بچوں کیلئے تعلیمی انتظامات سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرنے والی یہ تنظیم آسام میں بھی متاثرین کی امداد کیلئے کام کرتی رہی ہے۔
بے گھر خاندانوں کی امداد میں مصروف ایک سماجی کارکن کو حراست میں لئے جانے کے اس واقعے نے کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ خبر لکھے جانے تک آسام پولیس کی جانب سے حراست کی وجوہات کے تعلق سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔




