حلقہ بندی بل پر ملک میں سیاسی ہلچل، انڈیا اتحاد میں اختلافات، ڈی ایم کے اور شرد پوار کی پارٹی کا مرکز کی حمایت کا اعلان

لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کی نشستوں میں ۵۰؍ فیصد اضافے کی تجویز، ۲۰۵۱ء تک ریاستوں کی موجودہ تناسبی نمائندگی برقرار رکھنے کی تیاری، صدر جمہوریہ نے بل پر غور کرنے کی سفارش کردی، کانگریس مخالفت پر قائم، کرناٹک سمیت جنوبی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کا اتوار کو اہم اجلاس، اروندھتی رائے اور جاوید اختر نے بھی اٹھائے سوالات

نئی دہلی: ۲۸؍ نومبر ۲۰۲۶ء (فکروخبر نیوز) ملک میں انتخابی حلقوں کی ازسرنو حد بندی، لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کی نشستوں میں اضافے اور خواتین کیلئے ۳۳؍ فیصد ریزرویشن کے نفاذ سے متعلق مرکزی حکومت کی تازہ قانون سازی کی کوششوں نے قومی سیاست میں ایک مرتبہ پھر ہلچل مچا دی ہے۔ پارلیمنٹ کے ۳۰؍ نومبر سے شروع ہونے والے خصوصی اجلاس سے قبل صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے لوک سبھا کو حلقہ بندی (دوم) بل ۲۰۲۶ء پر غور کرنے کی سفارش کردی ہے۔ دوسری جانب اس معاملے پر اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ میں اختلافات بھی کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ تمل ناڈو کی ڈی ایم کے اور شرد پوار کی قیادت والی این سی پی نے مرکزی حکومت کی ترمیم شدہ تجاویز کی حمایت کا اعلان کیا ہے، جبکہ کانگریس، ترنمول کانگریس، شیوسینا (ادھو ٹھاکرے) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اس کی مخالفت کا عزم ظاہر کیا ہے۔

مرکزی کابینہ کی جانب سے منظور کئے گئے آئینی ترمیمی بل میں تمام ریاستوں کی لوک سبھا نشستوں میں یکساں طور پر ۵۰؍ فیصد اضافے اور ریاستوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم کا موجودہ تناسب مزید ۲۵؍ برس تک برقرار رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ڈی ایم کے کی حمایت کے اعلان کو حکمراں این ڈی اے کیلئے اہم سیاسی پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ حکمراں اتحاد نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ وہ اس مرتبہ بل کی منظوری کیلئے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔ دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں نے اسے ملک کے وفاقی ڈھانچے، جمہوری نظام اور درج فہرست ذاتوں اور قبائل کی نمائندگی سے متعلق ایک حساس معاملہ قرار دیا ہے۔

صدر جمہوریہ نے لوک سبھا کو بل پر غور کرنے کی سفارش کردی

سنیچر کی شام اس معاملے میں ایک اہم آئینی پیش رفت سامنے آئی۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آئین ہند کی دفعہ ۱۱۷؍ کی شق ۳؍ کے تحت لوک سبھا کو ’حلقہ بندی (دوم) بل ۲۰۲۶ء‘ پر غور کرنے کی سفارش کردی۔

مرکزی حکومت نے ملک بھر میں حلقہ بندی کے عمل کو نافذ کرنے سے متعلق بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کیلئے پیر ۳۰؍ نومبر سے خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔ حکومت اس اجلاس میں حلقہ بندی اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق اپنی نظرثانی شدہ قانون سازی کو آگے بڑھائے گی۔

واضح رہے کہ صدر جمہوریہ کی جانب سے بل پر غور کرنے کی سفارش پارلیمانی اور آئینی طریقۂ کار کا حصہ ہے، اسے بل کی حتمی منظوری نہیں سمجھا جاسکتا۔

لوک سبھا کی نشستوں میں ۵۰؍ فیصد اضافہ، ۲۰۵۱ء تک موجودہ تناسب برقرار رکھنے کی تجویز

مرکزی کابینہ نے جمعہ کو ۱۳۲؍ ویں آئینی ترمیمی بل کو منظوری دی تھی، جس کے تحت ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں لوک سبھا کی موجودہ نشستوں میں یکساں طور پر ۵۰؍ فیصد اضافے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ریاستی اسمبلیوں کی نشستوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ کرنے کی تجویز ہے۔

مجوزہ آئینی ترمیم کے مطابق لوک سبھا کی زیادہ سے زیادہ رکنیت کی حد ۸۵۰؍ تک بڑھائی جائے گی، جن میں ریاستوں کیلئے زیادہ سے زیادہ ۸۱۵؍ اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کیلئے ۳۵؍ نشستوں کی گنجائش ہوگی۔

حکومت کی نئی تجویز کے مطابق مختلف ریاستوں کے درمیان پارلیمانی نشستوں کی تقسیم کا موجودہ تناسب ۲۰۵۱ء تک برقرار رکھا جائے گا۔ اس کے بعد ہونے والی مردم شماری کے اعدادوشمار کی بنیاد پر اس تناسب میں تبدیلی کی جاسکے گی۔

ریاستوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم کیلئے موجودہ نظام کو برقرار رکھتے ہوئے ریاستوں کے اندر انتخابی حلقوں کی ازسرنو حد بندی کیلئے ۲۰۱۱ء کی مردم شماری کے اعدادوشمار استعمال کرنے کی تجویز ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس نئے فارمولے کے ذریعے جنوبی ریاستوں کے ان خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ آبادی کی بنیاد پر حلقہ بندی کی صورت میں ان کی پارلیمانی نمائندگی کا تناسب کم ہوسکتا ہے۔

اپریل اور نومبر کے بل میں کیا فرق ہے؟

مرکزی حکومت نے رواں برس اپریل میں بھی حلقہ بندی اور خواتین کے ریزرویشن کے نفاذ سے متعلق ۱۳۱؍ واں آئینی ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا، تاہم لوک سبھا میں مطلوبہ اکثریت حاصل نہ ہونے کے سبب یہ بل منظور نہیں ہوسکا تھا۔

حکومت کی جانب سے اب پیش کئے جانے والے ۱۳۲؍ ویں آئینی ترمیمی بل میں سابقہ تجاویز کے مقابلے میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان میں تمام ریاستوں کی نشستوں میں یکساں طور پر ۵۰؍ فیصد اضافہ، ریاستوں کی موجودہ تناسبی نمائندگی کا ۲۰۵۱ء تک تحفظ، مردم شماری سے متعلق دفعات میں تبدیلی اور حلقہ بندی کے معاملے میں پارلیمنٹ کے اختیارات کو زیادہ واضح اور محدود کرنا شامل ہے۔

اس کے علاوہ متعلقہ آئینی دفعات میں صدر جمہوریہ کے عہدے کی تعریف کا دائرہ وسیع کرنے سے متعلق تبدیلی بھی شامل کی گئی ہے۔

اپریل میں حکومت کی جانب سے ریاستوں کی نشستوں میں یکساں تناسب سے اضافے کی زبانی یقین دہانی کرائی گئی تھی، جبکہ اس مرتبہ اسے مجوزہ قانون سازی کا واضح حصہ بنایا گیا ہے۔

کیا لوک سبھا کی توسیع سے راجیہ سبھا کا کردار کمزور ہوگا؟

حلقہ بندی کے معاملے میں ریاستوں کی نمائندگی کے علاوہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے درمیان اختیارات کے توازن پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

سیاسی اور پارلیمانی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لوک سبھا کی نشستوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کے باوجود اگر راجیہ سبھا کی موجودہ تعداد برقرار رہتی ہے تو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایوان بالا کا نسبتی اثرورسوخ کم ہوسکتا ہے۔

راجیہ سبھا کو ملک کے وفاقی نظام میں ریاستوں کی نمائندگی اور لوک سبھا کے فیصلوں پر نظرثانی کرنے کے ایک اہم ادارے کی حیثیت حاصل ہے۔

یہ سوال بھی اٹھایا جارہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اجلاسوں کے محدود ایام کے درمیان اراکین کی تعداد میں ۵۰؍ فیصد اضافے کے بعد ہر رکن کو اپنے حلقے کے مسائل اٹھانے کیلئے کتنا وقت میسر ہوگا۔

ڈی ایم کے نے مرکز کی حمایت کا اعلان کردیا، کہا: تمل ناڈو کو کوئی نقصان نہیں

حلقہ بندی بل کے معاملے میں سنیچر کی صبح اس وقت اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی جب تمل ناڈو کی ڈی ایم کے نے مرکزی حکومت کی ترمیم شدہ تجاویز کی حمایت کا اعلان کردیا۔

ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن کی صدارت میں پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجوزہ حلقہ بندی بل اور اس کے تمل ناڈو پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈی ایم کے کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ اے راجہ نے اجلاس کے بعد کہا کہ ترمیم شدہ بل سے تمل ناڈو کو پارلیمانی نمائندگی کے معاملے میں نقصان نہیں ہوگا، لہٰذا پارٹی نے اس کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے ریاست کی تناسبی نمائندگی کے تحفظ اور اقلیتوں کی نمائندگی سے متعلق پارٹی کے موقف کا بھی دفاع کیا۔

ڈی ایم کے کے اراکین پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا کہ حلقہ بندی کے دوران ۱۹۷۱ء کی مردم شماری کی بنیاد پر قائم ریاستوں کے موجودہ تناسب کو ملحوظ رکھا جائے اور تمل ناڈو کی پارلیمانی نمائندگی میں کسی قسم کی کمی نہ کی جائے۔

اس سے قبل ایم کے اسٹالن نے بل کی حمایت کیلئے دو اہم شرائط رکھی تھیں۔ پہلی یہ کہ لوک سبھا میں تمل ناڈو کے موجودہ تناسب میں کمی نہ کی جائے اور دوسری یہ کہ ریاستوں کی موجودہ تناسبی نمائندگی کو مزید ۲۵؍ برس کیلئے برقرار رکھا جائے۔

اجلاس کے بعد ڈی ایم کے کے رکن پارلیمنٹ دیاندھی مارن نے کہا کہ ان کی پارٹی کا مطالبہ قبول کرلیا گیا ہے اور وہ موجودہ تناسب کو برقرار رکھنا چاہتی ہے۔

ڈی ایم کے گزشتہ کئی ماہ سے حلقہ بندی کے معاملے میں مرکزی حکومت کی مخالفت کرتی رہی ہے۔ اب ترمیم شدہ بل کی حمایت کے اس فیصلے نے اسے اس مخصوص معاملے پر بی جے پی کے ساتھ لاکھڑا کیا ہے، جبکہ کانگریس کے ساتھ اس کے اختلافات مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔

شرد پوار کی پارٹی بھی مرکز کے ساتھ، کانگریس نے فیصلے کو افسوسناک قرار دیا

ڈی ایم کے کے علاوہ شرد پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی۔ایس پی) نے بھی مرکزی حکومت کے مجوزہ حلقہ بندی بل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

پارٹی کا کہنا ہے کہ اگر تمام ریاستوں کی لوک سبھا نشستوں میں یکساں طور پر ۵۰؍ فیصد اضافہ کیا جاتا ہے اور ان کی موجودہ تناسبی نمائندگی محفوظ رہتی ہے تو وہ بل کی حمایت کرے گی۔

کانگریس نے این سی پی کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

شرد پوار نے سنیچر کو ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر طلب کئے گئے انڈیا اتحاد کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔

کانگریس لیڈر وجے وڈیٹیوار نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ شرد پوار کی قیادت والی این سی پی کا کوئی نمائندہ اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ فیصلہ حلقہ بندی بل کے معاملے میں حکمراں اتحاد کی حمایت کرنے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ انہوں نے اسے ایک افسوسناک سیاسی پیش رفت قرار دیا۔

سنجے راوت کی این سی پی پر تنقید، فیصلے کے خلاف ردعمل کا انتباہ

شیوسینا (ادھو ٹھاکرے) کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے شرد پوار کی قیادت والی این سی پی کے فیصلے پر شدید اعتراض کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ بندی بل کی حمایت کرنے کا فیصلہ یکطرفہ طور پر کیا گیا ہے اور اس کے خلاف سیاسی ردعمل سامنے آسکتا ہے۔

سنجے راوت نے مجوزہ بل کو غیرجمہوری قرار دیتے ہوئے مہاراشٹر کی سیاسی جماعتوں سے اس کی حمایت نہ کرنے کی اپیل کی۔

کھڑگے کی رہائش گاہ پر انڈیا اتحاد کا اجلاس، مشترکہ مخالفت کا فیصلہ

پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل سنیچر کو کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کی نئی دہلی میں واقع رہائش گاہ پر انڈیا اتحاد کی مختلف جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت مختلف اپوزیشن جماعتوں کے سینئر لیڈروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے دوبارہ پیش کئے جانے والے حلقہ بندی اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق آئینی ترمیمی بل کے خلاف مشترکہ پارلیمانی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں شریک انڈیا اتحاد کی جماعتوں نے مجوزہ آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل کانگریس نے جمعہ کو ڈی ایم کے، شرد پوار کی این سی پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کرکے بل کی منظوری روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی کوشش کی تھی۔

کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ خواتین کے ریزرویشن کے نفاذ کے نام پر آئین میں بڑی تبدیلیاں کرنا چاہتے ہیں۔

حکومت اب ’۸۰۰؍ پار‘ کے ذریعے مستقل اقتدار چاہتی ہے: کھڑگے

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مجوزہ آئینی ترمیم کو ملک کی جمہوریت کیلئے خطرناک قرار دیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کا مقصد جمہوری نظام کو کمزور کرنا اور طویل عرصے تک اقتدار اپنے ہاتھوں میں مرکوز رکھنا ہے۔

کھڑگے نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی کے ’۴۰۰؍ پار‘ کے نعرے کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت اب ’۸۰۰؍ پار‘ کے ذریعے مستقل طور پر اقتدار پر قابض رہنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شریک انڈیا اتحاد کے لیڈروں کا خیال ہے کہ مرکزی حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم جمہوری نظام کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا: کھڑگے

ملکارجن کھڑگے نے حلقہ بندی کے عمل میں درج فہرست ذاتوں اور قبائل کی نمائندگی کا معاملہ بھی اٹھایا۔

انہوں نے سوال کیا کہ جب ملک میں مردم شماری کا عمل جاری ہے تو حکومت حلقہ بندی کیلئے اتنی جلد بازی کیوں کررہی ہے؟

کانگریس صدر نے دعویٰ کیا کہ اگر تازہ مردم شماری کے اعدادوشمار کو بنیاد بنایا جائے تو درج فہرست ذاتوں اور قبائل کیلئے مختص نشستوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے، تاہم ان کے بقول حکومت ایسا نہیں کرنا چاہتی۔

انہوں نے مجوزہ بل کو درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔

دریں اثنا شام ۴؍ بجکر ۵۲؍ منٹ پر لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی پریس بریفنگ کی لائیو نشریات بھی شروع ہونے کی اطلاع دی گئی۔

بی جے پی حلقہ بندی کے ذریعے ملک کو تقسیم کرنا چاہتی ہے: وینوگوپال

کانگریس کے سینئر لیڈر کے سی وینوگوپال نے بھی مرکزی حکومت کی مجوزہ قانون سازی پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی حلقہ بندی بل کے ذریعے ملک میں تقسیم پیدا کرنا چاہتی ہے۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ ملک کے وفاقی نظام اور ریاستوں کی سیاسی نمائندگی سے متعلق اتنے اہم معاملے میں تمام ریاستوں اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے تھا۔

جنوبی ریاستوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی، اتوار کو وزرائے اعلیٰ کا اجلاس: ڈی کے شیوکمار

کرناٹک کے وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے حلقہ بندی کے مجوزہ بل کو جنوبی ریاستوں کے مفادات کے خلاف قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اس معاملے پر جنوبی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کا اہم اجلاس اتوار کو منعقد ہوگا۔

ڈی کے شیوکمار اتوار ۲۹؍ نومبر کو نئی دہلی میں کیرالا اور تلنگانہ کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اس معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ہندوستان ملک کی معاشی، سماجی اور مجموعی ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے اور اس کی آواز کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

شیوکمار نے کہا کہ جنوبی ریاستیں اپنا موقف ضرور پیش کریں گی اور اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے آواز اٹھائیں گی۔

جنوبی ریاستیں متحد ہوکر حلقہ بندی بل کی مخالفت کریں: رمیش چنیتلا

کیرالا کے وزیر داخلہ اور کانگریس کے سینئر لیڈر رمیش چنیتلا نے مجوزہ حلقہ بندی بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جنوبی ہندوستان کی سیاسی نمائندگی متاثر ہوگی اور ملک کا وفاقی نظام کمزور پڑسکتا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنے سیاسی مفادات کے تحت شمالی ہندوستان کی ریاستوں کی سیاسی بالادستی میں اضافہ اور جنوبی ریاستوں کی پارلیمانی آواز کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔

چنیتلا نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے، سماجی ترقی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی جنوبی ریاستوں کو ان کی کامیابی کی سزا نہیں دی جانی چاہئے۔

انہوں نے خواتین کیلئے ۳۳؍ فیصد ریزرویشن کے نفاذ سے متعلق بی جے پی کے موقف پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت اس کے ذریعے سنگھ پریوار کے ایجنڈے کو نافذ کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے تمام جنوبی ریاستوں سے متحد ہوکر حلقہ بندی بل کی مخالفت کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ کانگریس ریاستوں کے حقوق اور جمہوری نظام میں مساوی انصاف کے تحفظ کیلئے احتجاج کرے گی۔

جنوبی ریاستوں کو مستقل نقصان میں رکھنے کی کوشش: مدھو یاشکی گوڑ

کانگریس لیڈر مدھو یاشکی گوڑ نے لوک سبھا کی نشستوں میں ۵۰؍ فیصد اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے جنوبی ریاستیں مستقل طور پر سیاسی نقصان کی پوزیشن میں پہنچ سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس اور انڈیا اتحاد کی دیگر مخالف جماعتیں پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں بل کی مخالفت کریں گی۔

مدھو گوڑ نے مرکزی حکومت پر آمرانہ طرز عمل اختیار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اتنا اہم فیصلہ کرنے سے قبل نہ اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی جنوبی ریاستوں سے مناسب مشاورت کی گئی۔

انہوں نے جنوبی ریاستوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے اور باہمی تعاون پر مبنی وفاقی نظام کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔

مہاراشٹر کی آواز دبانے کی کوشش، کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکیں گے: آدتیہ ٹھاکرے

شیوسینا (ادھو ٹھاکرے) کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے سنیچر کی شام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی حلقہ بندی بل کے معاملے میں کسی بھی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اس اقدام کے ذریعے مہاراشٹر کی شناخت مٹانے اور اس کی سیاسی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ یہ ضرور کہا جارہا ہے کہ مہاراشٹر کی نشستوں میں ۵۰؍ فیصد اضافہ ہوگا، لیکن اترپردیش کی نشستیں بڑھ کر ۱۲۰؍ ہوجانے کی صورت میں مہاراشٹر اور اترپردیش کے درمیان نشستوں کی تعداد کا فرق ۴۸؍ تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے تمل ناڈو اور اترپردیش کے درمیان بھی یہ فرق ۶۰؍ نشستوں تک پہنچنے کا دعویٰ کیا۔

واضح رہے کہ نشستوں کی تعداد میں یکساں فیصد اضافے سے ریاستوں کے موجودہ تناسبی حصے کو برقرار رکھا جاسکتا ہے، تاہم زیادہ اور کم نشستوں والی ریاستوں کے درمیان تعداد کا فرق بڑھ سکتا ہے۔

آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ان کی پارٹی مہاراشٹر کے مفادات کے تحفظ کیلئے اپنے موقف پر قائم رہے گی۔

ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس نے اراکین پارلیمنٹ کیلئے وہپ جاری کیا

ترنمول کانگریس نے لوک سبھا کے اپنے تمام اراکین کیلئے وہپ جاری کرتے ہوئے انہیں پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران لازمی طور پر ایوان میں موجود رہنے کی ہدایت دی ہے۔

لوک سبھا میں ترنمول کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر ابھیشیک بنرجی کی جانب سے جاری تین سطری ہدایت نامے میں تمام اراکین سے کہا گیا ہے کہ وہ ۳۰؍ نومبر سے ۴؍ دسمبر تک بغیر کسی ناغے کے ایوان میں حاضر رہیں اور پارٹی کے موقف کی حمایت کریں۔

ہدایت نامے میں اس معاملے کو انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے۔

حلقہ بندی بل ملک میں مستقل فسطائیت قائم کرنے کا منصوبہ ہے: اروندھتی رائے

معروف مصنفہ اور بکر انعام یافتہ اروندھتی رائے نے مرکزی حکومت کے مجوزہ حلقہ بندی بل پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ملک میں طویل المدتی بنیادوں پر فسطائیت قائم کرنے کا منصوبہ قرار دیا۔

نئی دہلی کے جواہر بھون میں ادیبوں، فنکاروں اور ثقافتی شخصیات کے قومی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اروندھتی رائے نے الزام لگایا کہ حلقہ بندی کا یہ عمل جمہوریت کی بنیادوں کو کمزور کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسے محض انتخابی حلقوں اور اراکین پارلیمنٹ کی تعداد میں اضافے یا خواتین کے حقوق کے تحفظ کا معاملہ سمجھنا درست نہیں ہوگا۔

اروندھتی رائے نے الزام لگایا کہ انتخابی حلقوں کا نقشہ ازسرنو مرتب کرکے ذات پات، مذہب اور مختلف برادریوں کے درمیان موجود تقسیم کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے ملک کی موجودہ صورتحال کو ’جمہوری فسطائیت‘ سے تعبیر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ فسطائی طاقتیں جمہوریت کے حقیقی مفہوم کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔

خواتین کے ریزرویشن کو حلقہ بندی سے کیوں جوڑا جارہا ہے؟ جاوید اختر

معروف فلمی نغمہ نگار، اسکرپٹ رائٹر اور شاعر جاوید اختر نے خواتین کے ریزرویشن کو حلقہ بندی کے عمل سے جوڑنے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ دونوں معاملات کو الگ الگ دیکھا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کو حلقہ بندی کے ساتھ شامل کرنے کا یہ طریقہ ایسا ہے جیسے جنگ کے دوران عورتوں اور بچوں کو سامنے کھڑا کردیا جائے تاکہ کوئی گولی نہ چلائے اور ان کے پیچھے سے حلقہ بندی کو آگے بڑھایا جائے۔

جاوید اختر نے کہا کہ اگر حکومت کی نیت خواتین کو ریزرویشن فراہم کرنے کی ہے تو اسے حلقہ بندی سے الگ کیا جانا چاہئے، کیونکہ خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بل پہلے ہی منظور ہوچکا ہے۔

ششی تھرور نے ۸۵۰؍ رکنی لوک سبھا کی تجویز پر اٹھائے سوالات

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے خواتین کے ریزرویشن کے نفاذ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسے حلقہ بندی کے معاملے سے جوڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے لوک سبھا کی زیادہ سے زیادہ رکنیت ۸۵۰؍ تک بڑھانے کی تجویز پر بھی اعتراض کیا اور دعویٰ کیا کہ دنیا میں اتنی بڑی تعداد پر مشتمل کوئی قانون ساز ایوان نہیں ہے۔

ششی تھرور نے ریاستوں سے مناسب مشاورت نہ کئے جانے، پارلیمنٹ کے کام کاج اور اراکین کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافے کے ممکنہ اثرات پر بھی تشویش ظاہر کی۔

انہوں نے ڈی ایم کے کی جانب سے مرکزی حکومت کے بل کی حمایت کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

ڈی ایم کے کا فیصلہ ملک کیلئے خطرناک، سنگھ پریوار کو فائدہ ہوگا: تھروماولون

تمل ناڈو کی سیاسی جماعت ودوتھلائی چروتھائیگل کچی (وی سی کے) کے سربراہ تھول تھروماولون نے ڈی ایم کے کی جانب سے حلقہ بندی بل کی حمایت کے اعلان پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس فیصلے کو تروپرن کنڈرم معاملے میں سپریم کورٹ کے حکم سے بھی زیادہ حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

تھروماولون نے الزام لگایا کہ اس اقدام سے سنگھ پریوار کی ’ایک ملک، ایک انتخاب، ایک حکمرانی‘ کی مبینہ سازش پر مبنی سیاست کیلئے راہ ہموار ہوگی۔

وہ تروپرن کنڈرم معاملے میں عدالت عظمیٰ کی ہدایت کے خلاف بائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے منعقدہ امن ریلی سے خطاب کررہے تھے۔

خواتین کے ریزرویشن کا خیرمقدم، دلت اور قبائلی خواتین کیلئے علاحدہ کوٹے کا مطالبہ: مایاوتی

بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے ۳۳؍ فیصد ریزرویشن کے نفاذ سے متعلق مرکزی حکومت کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجوزہ ریزرویشن میں درج فہرست ذاتوں اور قبائل سے تعلق رکھنے والی خواتین کیلئے علاحدہ مخصوص کوٹے کا انتظام کیا جائے۔

مایاوتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ہندی میں جاری ایک تفصیلی بیان میں کہا کہ صدیوں سے استحصال، ظلم اور نظراندازی کا شکار درج فہرست ذاتوں اور قبائل کی خواتین کو اگر اس ریزرویشن کے اندر علاحدہ حصہ دیا جاتا تو یہ ایک تاریخی قدم ہوتا۔

انہوں نے مرکزی حکومت سے اس مطالبے پر ہمدردانہ غور کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اسے مناسب اور انصاف پر مبنی اقدام قرار دیا۔

مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے تیار کردہ آئین کے مساوات پر مبنی اصولوں کے مطابق خواتین کے وقار، تحفظ اور سیاسی نمائندگی کیلئے مسلسل آواز اٹھاتی رہی ہے۔

خواتین کے ریزرویشن کے نفاذ کو کوئی نہیں روک سکتا: وزیراعظم مودی

وزیراعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل سنیچر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ حکومت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے ۳۳؍ فیصد ریزرویشن کے نفاذ کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ’ناری شکتی‘ سے ایک وعدہ کیا گیا ہے اور حکومت اسے پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتیں خواتین کے ریزرویشن کے نفاذ کو نہیں روک سکیں گی۔

حکومت کا موقف ہے کہ حلقہ بندی اور لوک سبھا کی نشستوں میں اضافے کے ذریعے خواتین کو مناسب نمائندگی دینے کی راہ ہموار ہوگی۔

اترپردیش کی تمام جماعتیں بل کی حمایت کریں: امیت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ہندی میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ مرکزی کابینہ کی جانب سے ۱۳۲؍ ویں آئینی ترمیمی بل کی منظوری تمام ریاستوں میں عوامی نمائندگی بڑھانے اور حکمرانی کو عوام کے مزید قریب لانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ بل کے ذریعے اترپردیش کو تقسیم کئے بغیر ریاستی اسمبلی میں اس کی نمائندگی بڑھائی جاسکے گی اور خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن بھی فراہم کیا جاسکے گا۔

امیت شاہ نے اترپردیش کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس مجوزہ قانون سازی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی حمایت کریں۔

ترمیم شدہ بل میں جنوبی ریاستوں کے مفادات محفوظ ہیں: بی جے پی

بی جے پی کی ترجمان یامنی شرما نے کہا کہ ترمیم شدہ حلقہ بندی بل سیاست کیلئے نہیں بلکہ خواتین کو ۲۰۲۹ء تک ۳۳؍ فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کے تاریخی وعدے کو پورا کرنے کیلئے لایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپریل سے نومبر ۲۰۲۶ء کے درمیان این ڈی اے حکومت نے تمام ریاستوں کے خدشات اور مطالبات کو سنا ہے۔

بی جے پی ترجمان کے مطابق لوک سبھا کی زیادہ سے زیادہ نشستیں ۸۵۰؍ کرنے، تمام ریاستوں کی نشستوں میں یکساں طور پر ۵۰؍ فیصد اضافہ کرنے اور ۲۰۵۱ء تک ریاستوں کی تناسبی نمائندگی برقرار رکھنے کی تجویز کے ذریعے جنوبی ریاستوں کے خدشات کو دور کیا گیا ہے۔

حلقہ بندی سے صرف بی جے پی نہیں، تمام جماعتوں کو فائدہ ہوگا: رام داس اٹھاولے

مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے سری نگر میں ایک تقریب میں شرکت کے دوران نیشنل کانفرنس سے مجوزہ حلقہ بندی بل کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت لوک سبھا کی زیادہ سے زیادہ نشستیں ۸۵۰؍ کرنے سے متعلق بل لارہی ہے، جس کے تحت خواتین کیلئے ۲۷۳؍ سے زائد نشستیں مختص کرنے کی بات کہی جارہی ہے۔

اٹھاولے نے کہا کہ اپریل میں پیش کیا گیا بل مطلوبہ اکثریت سے ۵۴؍ ووٹ کم رہ جانے کے سبب منظور نہیں ہوسکا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے دانستہ طور پر بل کو ناکام بنایا تھا۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ حکومت اس مرتبہ پوری تیاری کے ساتھ آئی ہے اور مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل کرسکتی ہے۔

انہوں نے کانگریس، دیگر اپوزیشن جماعتوں اور نیشنل کانفرنس سے حلقہ بندی اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بلوں کو متفقہ طور پر منظور کرنے کی اپیل کی۔

اٹھاولے نے سوال کیا کہ جب ۲۰۲۳ء میں تمام جماعتوں نے خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بل کی حمایت کی تھی تو اب حلقہ بندی کی مخالفت کیوں کی جارہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ حلقہ بندی سے انتخابی حلقے چھوٹے ہوں گے، لوک سبھا اور اسمبلیوں کی نشستوں میں اضافہ ہوگا اور زیادہ افراد کو سیاسی نمائندگی کا موقع ملے گا۔

حلقہ بندی جمہوری نمائندگی کو مضبوط کرے گی: پون کلیان

آندھرا پردیش کے نائب وزیراعلیٰ پون کلیان نے مرکزی حکومت کی مجوزہ حلقہ بندی اصلاحات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کی جمہوری نمائندگی مضبوط ہوگی۔

جمعہ کی شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حلقہ بندی کے ذریعے ہر ریاست اور خطے کو پارلیمنٹ میں مناسب نمائندگی فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط جمہوریت وہی ہے جہاں ہر شہری کی آواز سنی جائے اور ہر ریاست اعتماد کے ساتھ ترقی کی راہ پر آگے بڑھے۔

پون کلیان نے اس تجویز کو باہمی تعاون پر مبنی وفاقی نظام کی روح کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں مختلف ریاستوں کی ترقی اور خدمات کو تسلیم کرنے کے ساتھ ان کی پارلیمانی نمائندگی کا تحفظ کیا گیا ہے۔

انہوں نے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے ۳۳؍ فیصد ریزرویشن کی تجویز کا بھی خیرمقدم کیا۔

سیاسی جماعتیں بالآخر حلقہ بندی کے خطرے کو سمجھنے لگی ہیں: محبوبہ مفتی

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ملک کی مختلف سیاسی جماعتیں بالآخر مرکزی حکومت کی جانب سے مجوزہ حلقہ بندی کے ان خطرات کو سمجھنے لگی ہیں جن کے تعلق سے خدشات ظاہر کئے جاتے رہے ہیں۔

انہوں نے مرکزی حکومت کے مجوزہ حلقہ بندی کے طریقۂ کار کو ناقص قرار دیا اور اس پر ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے ظاہر کئے جانے والے خدشات کا حوالہ دیا۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی حلقہ بندی کیلئے مشروط دفعہ شامل

لوک سبھا میں پیش کئے جانے کیلئے درج حلقہ بندی (دوم) بل ۲۰۲۶ء میں جموں و کشمیر کے اس حصے کے اسمبلی حلقوں کی ازسرنو تشکیل سے متعلق بھی ایک پیشگی دفعہ شامل کی گئی ہے جو اس وقت پاکستان کے زیر انتظام ہے۔

مجوزہ بل کی دفعہ ۳؍ کی شق ۴؍ کے مطابق مذکورہ علاقے پر پاکستان کا قبضہ ختم ہونے کی صورت میں ہندوستان کا الیکشن کمیشن وہاں جموں و کشمیر اسمبلی کے انتخابی حلقوں کی ازسرنو حد بندی کیلئے حلقہ بندی کمیشن کے طور پر کام کرے گا۔

واضح رہے کہ یہ دفعہ مشروط ہے اور اس کا اطلاق بل میں بیان کردہ شرط پوری ہونے کے بعد ہی ہوگا۔

بل میں اس علاقے کیلئے ’پاکستان کے قبضے میں آنے والا علاقہ‘ کے الفاظ استعمال کئے گئے ہیں، جبکہ ’پی او کے‘ کی اصطلاح استعمال نہیں کی گئی ہے۔

اسمبلی انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے خصوصی اجلاس طلب کیا گیا؟ تیجسوی یادو

راشٹریہ جنتا دل کے کارگزار صدر اور بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے وقت پر سوال اٹھاتے ہوئے شبہ ظاہر کیا کہ یہ اجلاس آئندہ چند ماہ میں ہونے والے مختلف ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے طلب کیا گیا ہوسکتا ہے۔

جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ان کی پارٹی حلقہ بندی بل کے معاملے میں اپنے سابقہ موقف پر قائم رہے گی۔

ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا بی جے پی کی قیادت والا این ڈی اے اترپردیش اور پنجاب سمیت مختلف ریاستوں کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں خواتین کے ریزرویشن کے معاملے سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کرسکتا ہے؟

اس پر تیجسوی یادو نے کہا کہ ممکن ہے خصوصی اجلاس انتخابات کے پیش نظر طلب کیا گیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا اگر مرکزی حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر یہ قدم اٹھاتی۔ تاہم اس معاملے میں آر جے ڈی کا سابقہ موقف سب کے سامنے ہے۔

اسی دوران تیجسوی یادو نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے تمام بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی اپیل کو بھی زیادہ اہمیت نہیں دی۔

این سی پی چھوڑنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا: سابق وزیر اے کے سسیندرن

کیرالا کے سابق وزیر اے کے سسیندرن نے شرد پوار کی قیادت والی این سی پی کی جانب سے حلقہ بندی بل کی حمایت کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پارٹی چھوڑنے کا ان کا سابقہ فیصلہ درست ثابت ہوا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی ۱۹۸۰ء کی دہائی سے بائیں بازو کے جمہوری محاذ کی سیاست کا حصہ رہے ہیں، تاہم دہلی میں این سی پی کی قیادت کی جانب سے کئے جانے والے موجودہ سیاسی فیصلے اس نظریے سے مطابقت نہیں رکھتے۔

سسیندرن نے کہا کہ اب انہیں اطمینان ہے کہ انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا صحیح فیصلہ کیا تھا اور وہ اسی راستے پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ اے کے سسیندرن اور تھامس کے تھامس کی قیادت میں ایک گروپ شرد پوار کی این سی پی سے علاحدہ ہوگیا تھا اور اس نے این سی پی (سیکولر) کے نام سے نئی جماعت تشکیل دی تھی۔

بعدازاں اس جماعت کو بائیں بازو کے جمہوری محاذ میں شامل کانگریس (سیکولر) میں ضم کردیا گیا تھا۔ نئی جماعت نے ’کانگریس سوشلسٹ پارٹی‘ (سی ایس پی) کے نام کی منظوری کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔

اپریل میں ناکامی کے بعد حکومت کی دوسری کوشش، تمام نگاہیں پارلیمنٹ پر

مرکزی حکومت نے رواں برس اپریل میں حلقہ بندی اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی منظوری کی کوشش کی تھی، تاہم متحدہ اپوزیشن کی مخالفت کے درمیان حکومت مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔

اب حکومت نے ترمیم شدہ تجاویز میں ریاستوں کی نشستوں میں یکساں ۵۰؍ فیصد اضافے اور ۲۰۵۱ء تک ان کی موجودہ تناسبی نمائندگی برقرار رکھنے کی دفعات شامل کرکے دوبارہ بل کی منظوری کی کوشش شروع کی ہے۔

اس مرتبہ ڈی ایم کے اور شرد پوار کی این سی پی کی حمایت کے اعلان سے حکمراں این ڈی اے کی پارلیمانی حکمت عملی میں اہم تبدیلی آئی ہے، جبکہ کانگریس اور انڈیا اتحاد کی دیگر مخالف جماعتیں بل کی منظوری روکنے کیلئے مشترکہ کوششوں میں مصروف ہیں۔

آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کل اراکین کی اکثریت اور حاضر ہوکر ووٹ دینے والے اراکین کی کم از کم دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔

اب تمام نگاہیں پیر ۳۰؍ نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس پر مرکوز ہیں، جہاں انتخابی حلقوں کی ازسرنو تشکیل، ریاستوں کے حقوق، وفاقی نظام، خواتین کے ریزرویشن اور مختلف سماجی طبقات کی سیاسی نمائندگی جیسے اہم معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بحث ہوگی۔

بشکریہ: دی ہندو، پی ٹی آئی، اے این آئی و دیگر خبر رساں ذرائع۔

شیئر کریں۔