کمٹہ: اتر کنڑا ضلع کے کمٹہ بس اسٹینڈ پر ہبلی سے اڈپی جانے والی کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی بس میں سفر کرنے والے ایک پچاس سالہ مسافر کی پراسرار موت کا واقعہ پیش آیا ہے۔ متوفی کی شناخت منجوناتھ ناگپا اکاسالی (عمر 50 سال) کے طور پر کی گئی ہے، جو بنیادی طور پر اتر کنڑا ضلع کے منڈگوڈ تعلقہ کے اونی کیری کے رہنے والے تھے اور فی الحال بیلگاوی ضلع کے بیل ہونگل تعلقہ کے نیسرگی میں مقیم تھے۔ وہ پیشے سے سونے چاندی کے زیورات بنانے کا کام کرتے تھے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق منجوناتھ اکاسالی 25 نومبر کی رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے ہبلی کے نئے بس اسٹینڈ سے اڈپی جانے کے لیے کے ایس آر ٹی سی بس میں سوار ہوئے تھے۔ دورانِ سفر وہ بس کی نشست پر سو گئے تھے، تاہم رات تقریباً پونے تین بجے جب بس سرسی کے پرانے بس اسٹینڈ پر رکی تو انہوں نے پانی پیا اور دوبارہ اپنی اسی نشست پر جا کر سو گئے۔
جب بس علی الصبح تقریباً چار بج کر پانچ منٹ پر کمٹہ کے کے ایس آر ٹی سی بس اسٹینڈ پر پہنچی تو عملے اور دیگر مسافروں کے علم میں آیا کہ منجوناتھ حرکت نہیں کر رہے ہیں اور ان کی موت واقع ہو چکی ہے۔
ابتدائی طور پر یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دورانِ سفر اچانک طبیعت بگڑنے یا گہری نیند کی حالت میں بس کی نشست سے گرنے کے باعث ان کی موت ہوئی ہو سکتی ہے، تاہم موت کی اصل اور حتمی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر بس کے کنڈکٹر نے کمٹہ پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ شکایت درج کرائی ہے، جس کی بنیاد پر کمٹہ پولیس نے غیر فطری موت (یو ڈی آر) کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔




