بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل اور اطراف کے ساحلی علاقوں میں سمندری راستے سے ملک دشمن عناصر کی ممکنہ دراندازی کو روکنے اور ساحلی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے مقصد سے ہندوستانی بحریہ، انڈین کوسٹ گارڈ اور ساحلی سیکورٹی پولیس کی مشترکہ دو روزہ فرضی حفاظتی مشق بدھ کے روز شروع ہوئی۔
اس مشق کے تحت بھٹکل اور اطراف کے 27 اہم اور حساس مقامات پر سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا، جہاں ممکنہ سیکورٹی خطرات سے نمٹنے اور ہنگامی حالات میں فوری کارروائی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حفاظتی مشق کے لیے منتخب کیے گئے مقامات میں ریڈار سے لیس بھٹکل لائٹ ہاؤس، ماوین کوروے، تینگن گنڈی، الویکوڈی ماہی گیری بندرگاہ اور مرڈیشور سمیت دیگر اہم ساحلی علاقے شامل ہیں۔
آپریشن نمبر 37 کے تحت بھٹکل ساحلی سیکورٹی پولیس کی ٹیم کی قیادت انسپکٹر ریوتی کررہی ہیں۔ اس کارروائی میں 27 پولیس اہلکاروں اور چھ ہوم گارڈز کو شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کاروار سے بم ناکارہ بنانے والے خصوصی دستے اور تربیت یافتہ کتوں پر مشتمل ٹیموں کو بھی طلب کیا گیا، جو حفاظتی جانچ اور فرضی خطرات سے نمٹنے کی مشقوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
حکام کے مطابق اس دو روزہ مشق کا بنیادی مقصد ساحلی علاقوں میں تعینات مختلف سیکورٹی اداروں کی عملی تیاریوں کا جائزہ لینا، حفاظتی انتظامات میں ممکنہ خامیوں کی نشاندہی کرنا اور کسی ہنگامی صورتحال میں مختلف اداروں کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنانا ہے۔
خصوصاً بحیرۂ عرب کے ساحلی علاقوں میں غیر قانونی دراندازی اور دیگر ممکنہ سیکورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے اہلکاروں کی مستعدی اور فوری ردعمل کی صلاحیت کو جانچا جارہا ہے۔
حکام کے مطابق مشترکہ حفاظتی مشق جمعرات کی رات آٹھ بجے اختتام پذیر ہوئی۔




