کاروار (فکروخبر نیوز) اترکنڑا ضلع میں قومی شاہراہوں کی خستہ حالی اور جگہ جگہ پڑنے والے گڑھوں کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے رکن پارلیمان وشویشور ہیگڈے کاگیری نے نیشنل ہائی وے محکمہ کے انجینئروں کو ہدایت دی ہے کہ سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے اور زیرِ التوا تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جائے، تاکہ گاڑیوں کی آمدورفت کو محفوظ اور آسان بنایا جاسکے۔
کاروار کے ضلع پنچایت آڈیٹوریم میں منعقدہ ضلع ترقیاتی رابطہ و نگرانی کمیٹی (DISHA) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کاگیری نے کہا کہ گوکرن سمیت مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والے سیاح بھی سڑکوں کی خراب حالت کی شکایات کررہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ شاہراہوں کی مرمت اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے۔
اجلاس میں سڑکوں کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے سینٹرل روڈ فنڈ (CRF) کے تحت دستیاب رقم سے شدید متاثرہ سڑکوں کی فوری مرمت کرنے، ہوناور کے سولیمرکی کراس پر حادثات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے اور ہوناور کے لیے تیار کردہ غیر سائنسی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (DPR) کی خامیوں کو دور کرکے اسے دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت دی۔
اسی طرح انکولہ میں منظور شدہ ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر جلد جاری کرنے، سرسی سے ہاویری جانے والی سڑک کا مناسب سروے کرکے تنازعات سے پاک حصوں میں کام شروع کرنے اور دیہی سڑکوں کے منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔




