منگلورو(فکروخبر نیوز) منگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (DRI) نے سونے کی اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے تقریباً دو کروڑ روپے مالیت کا 1.65 کلوگرام سونا اور 73 لاکھ روپے نقد ضبط کیے ہیں۔ اس معاملے میں ہوائی اڈے کے دو آؤٹ سورس ملازمین سمیت تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ڈی آر آئی حکام کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ہوائی اڈے کے دو ملازمین دبئی اور کاسرگوڈ میں سرگرم اسمگلروں کے ساتھ مل کر سونے کی اسمگلنگ میں مدد کررہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات سے آنے والے مسافر مبینہ طور پر امیگریشن کاؤنٹر کے قریب واقع بیت الخلا میں سونا چھپاکر چلے جاتے تھے، جسے بعد میں ملازمین باہر منتقل کرتے تھے۔
23 نومبر کی صبح ڈی آر آئی افسران نے نگرانی کے دوران منگلورو کے ایک ملازم کو بیت الخلا سے سونا نکالتے ہوئے پکڑ لیا۔ اس کے قبضے سے پیسٹ کی شکل میں سونے پر مشتمل دو مستطیل ٹکڑے برآمد ہوئے۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ یہ سونا کاسرگوڈ کے ایک دوسرے ملازم کے حوالے کیا جانا تھا، جو اسے ہوائی اڈے سے تقریباً دو کلومیٹر دور ایک تیسرے شخص تک پہنچانے والا تھا۔ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دیگر دونوں ملزمان کو بھی پکڑ لیا اور تلاشی کے دوران 73 لاکھ روپے نقد برآمد کیے۔ کارروائی میں ایک کار اور دو پہیہ گاڑی بھی ضبط کی گئی۔
تینوں ملزمان کو کسٹمز ایکٹ 1962 کے تحت گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں 7 دسمبر 2026 تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
دریں اثنا ڈی آر آئی نے بتایا کہ 14 نومبر کو بھی دبئی سے منگلورو پہنچنے والے کاسرگوڈ کے دو مسافروں کے جسم کے اندر چھپائے گئے پانچ کیپسول سے تقریباً 1.77 کروڑ روپے مالیت کا 1.306 کلوگرام سونا برآمد کیا گیا تھا۔ دونوں مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ایک اور کارروائی میں مسقط سے آنے والے کاسرگوڈ کے ایک مسافر کے سامان میں چپس کے پیکٹوں کے اندر چھپائی گئی 1.333 کلوگرام ایمفیٹامین نامی مصنوعی منشیات برآمد کی گئی۔ اس معاملے میں منشیات حوالے کرنے والے کیرالا کے منار سے تعلق رکھنے والے ایک شخص سمیت دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ منگلورو ہوائی اڈے پر بیرونِ ملک سے لائی جانے والی مصنوعی منشیات کی ضبطی کا پہلا معاملہ ہے۔ سونے کی اسمگلنگ کے معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔




