منگلور(فکروخبرنیوز) منگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر داخلہ اور پارکنگ فیس میں اضافے کے خلاف ٹرانسپورٹ تنظیموں کا احتجاج ہفتے کے روز پانچویں دن میں داخل ہوگیا۔ ٹیکسی اور میکسی کیب ڈرائیوروں اور مالکان کی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں جنوبی کنڑا اور اڈپی اضلاع میں خدمات معطل کی جا سکتی ہیں۔
احتجاج کے مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی اور اڈپی ضلع ٹیکسی و میکسی کیب ڈرائیورس اینڈ اونرس ایسوسی ایشن کے صدر رگھوپتی بھٹ نے کہا کہ حکام کو مطالبات پر کارروائی کے لیے منگل تک کا وقت دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق مسئلہ حل نہ ہونے پر منگل سے دونوں اضلاع میں ٹیکسی اور میکسی کیب خدمات معطل کی جائیں گی۔
بھٹ نے مزید کہا کہ مجوزہ احتجاج کے تحت بدھ سے آٹو رکشا، ٹیکسی اور میکسی کیب ڈرائیور ایئرپورٹ سے مسافروں کو لانے یا وہاں چھوڑنے کے لیے بکنگ قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد مسافروں اور سیاحوں کو پریشان کرنا نہیں ہے اور مجوزہ ہڑتال کے پیش نظر فضائی مسافروں سے متبادل سفری انتظام کرنے کی اپیل کی۔




