بھٹکل(فکروخبرنیوز) رابطہ ادبِ اسلامی ہند کی جانب سے مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کے زیرِاہتمام اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے زیرِ انتظام منعقد ہونے والا دو روزہ کل ہند علمی و ادبی سیمینار آج اپنی تمام ترکامیابیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ سیمینار کا مرکزی موضوع ’’حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کی حیات و خدمات‘‘ تھا، جس کے تحت ملک بھر سے تشریف لائے ہوئے نامور علماء، ادباء، محققین اور دانشوروں نے اپنے وقیع تحقیقی مقالات پیش کیے۔
اس دو روزہ سیمینار کی تیسری اور آخری نشست اتوار کی صبح سے مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کے الحاج محی الدین منیری ہال میں منعقد ہوئی۔ اس اختتامی نشست میں بھی ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے اہلِ علم نے شرکت کی اور حضرت مولانا واضح رشید حسنی ندویؒ کی علمی، ادبی، صحافی اور فکری خدمات کے مختلف گوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مولانا واضح رشید حسنی ندویؒ نے عربی صحافت اور اسلامی لٹریچر کے فروغ میں جو گرانقدر خدمات انجام دی ہیں، وہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مینار کی حیثیت رکھتی ہیں۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ ادبِ اسلامی کے صدر اور ناظمِ ندوۃ العلماء لکھنؤ حضرت مولانا سید محمد بلال عبدالحی حسنی ندوی نے حضرت مولانا واضح رشید ندویؒ کی ہمہ جہت خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا موصوف نے موجودہ دور میں تعلیمی اداروں کے لیے نصاب کی درست ترتیب پر ہمیشہ بڑا زور دیا۔ مولانا نے واضح کیا کہ آج دنیا میں جو بھی فکری ارتداد یا نظریاتی انحرافات آرہے ہیں، اس کی بنیاد موجودہ نصابِ تعلیم ہے، اس لیے اس کے مؤثر سدباب کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس کوششیں کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں جہاں ایک طرف مدارسِ دینیہ کو موجودہ دور کی اہم ترین ضرورت قرار دیا، وہیں دوسری طرف عصری تقاضوں کے پیشِ نظر ‘اسلامی اسکولوں’ کے قیام اور ان کے فعال کردار کو بھی وقت کی اہم ضرورت بتائی۔
سیمینار کے اختتام پر بانی و جنرل سکریٹری اکیڈمی مولانا محمد الیاس ندوی نے اپنے کلماتِ تشکر میں ملک بھر سے تشریف لانے والے تمام مہمانوں، علماء، مقالہ نگاروں اور اہالیانِ بھٹکل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس قومی نوعیت کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔




