حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کی علمی و فکری خدمات پر مقالات پیش ، فکروخبر کی جانب سے تیارکردہ ویڈیو ڈاکیومنٹری بھی منظر عام پر
بھٹکل، 14 نومبر (فکروخبر نیوز): رابطہ ادب اسلامی کے زیر اہتمام مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے زیر اہتمام اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے زیر انتظام کل ہند دو روزہ علمی و ادبی سیمینار کا آغاز آج سنیچر کی صبح دس بجے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے احاطے میں ہوا۔ ’’حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کی علمی وفکری خدمات‘‘کے عنوان سے منعقدہ اس سیمینار میں ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے علماء، ادباء، محققین اور اہلِ علم نے شرکت کی اور حضرت مولانا کی علمی، ادبی اور فکری خدمات کے مختلف پہلوؤں پر اپنے تحقیقی مقالات پیش کیے۔ واضح رہے کہ اس نشست میں مختلف علماء کی مختلف کتابیں بھی منظر عام پر آئیں۔
اس موقع پر فکروخبر کی جانب سے تیار کردہ ایک خصوصی ویڈیو ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، جس میں حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کی شخصیت، ان کی علمی و فکری خدمات اور اہلِ بھٹکل کے ساتھ ان کے خصوصی تعلق کو نہایت خوب صورت اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔ ڈاکومنٹری میں مولانا کی علمی و فکری زندگی کے مختلف پہلوؤں کو تصویری مناظر اور وائس اوور کے ذریعے پیش کیا گیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور سراہا۔
افتتاحی اجلاس کی صدارت رابطہ ادب اسلامی کے صدر اور ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ حضرت مولانا سید بلال عبدالحی حسنی ندوی نے فرمائی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں حضرت مولانا واضح رشید حسنی ندویؒ کی علمی و فکری خصوصیات کو اجاگر کرتے ہوئے ادبِ اسلامی کے فروغ میں ان کی گراں قدر خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مولانا نے ندوۃ العلماء لکھنؤ اور بھٹکل کے درمیان قائم دیرینہ علمی و دینی تعلقات کا بھی تذکرہ کیا اور ان روابط کی اہمیت کو واضح کیا۔
اس موقع پر رابطہ ادب اسلامی کے سکریٹری مولانا عمیر الصدیق ندوی نے رابطہ کی سرگرمیوں اور خدمات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے ادارے کے قیام، اس کے اغراض و مقاصد اور علمی و ادبی میدان میں انجام دی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ ساتھ ہی حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کی علمی و فکری عظمت اور ان کی خدمات کو موضوع بناکر سیمینار منعقد کرنے کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے اہلِ بھٹکل کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ندوۃ العلماء اور بھٹکل کے دیرینہ تعلقات کا بھی ذکر کیا۔
سیمینار کے کنوینر اور مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے اپنے خطاب میں بھٹکل میں اس سیمینار کے انعقاد کی اہمیت بیان کرتے ہوئے رابطہ ادب اسلامی اور بھٹکل کے تاریخی تعلقات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں رابطہ ادب اسلامی کی پہلی شاخ 1991 میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں قائم ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندویؒ کے انتقال کے بعد رابطہ کی سرگرمیوں اور سیمیناروں کے سلسلے میں حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندویؒ کی فکر مندی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بعض وہ سیمینار جو ندوہ کے ذمہ داران بعض مصلحتوں کی بناء پر ندوہ میں منعقد نہیں کرسکتے ، بھٹکل میں منعقد کیے گیے۔ ندوہ والوں نے بھٹکل والوں پر اعتماد کیا اور اہالیانِ بھٹکل نے اس اعتماد کو بحال رکھنے میں اہلِ ندوہ کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2018 میں بھٹکل میں مفکرِ اسلام حضرت مولانا علی میاں ندویؒ پر ایک بین الاقوامی سیمینار منعقد ہوا تھا، جس میں نو ممالک سے علماء اور دانشوروں نے شرکت کی تھی۔
انہوں نے رابطہ کے ریاستی سطح کے سیمیناروں میں حضرت مولانا علی میاں ندویؒ کی شرکت کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ حضرت مولانا واضح رشید حسنی ندویؒ کو بھٹکل سے غیر معمولی محبت اور قلبی تعلق تھا، اس لیے ان کی شخصیت اور خدمات پر یہاں سیمینار کا انعقاد خصوصی معنویت رکھتا ہے۔
اس موقع پر ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل نے جامعہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کے ادارے سے تعلقات پر روشنی ڈالی اور ان کی علمی و فکری وابستگی کا تذکرہ کیا۔
افتتاحی اجلاس کا آغاز قاری احمد ندوی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ عبدالہادی نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ نظامت کے فرائض مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے بحسن و خوبی انجام دیے۔
واضح رہے کہ رابطہ ادب اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ اس دو روزہ سیمینار میں حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کی علمی، ادبی، فکری اور تصنیفی خدمات پر مختلف نشستوں میں مقالات پیش کیے جارہے ہیں۔ سیمینار کی مزید نشستیں 14 اور 15 نومبر کو بھٹکل کے مختلف تعلیمی اداروں میں منعقد ہوں گی، جن میں ملک بھر سے آئے ہوئے اہلِ علم و قلم شرکت کریں گے۔




