ناظم ندوۃ العلماءلکھنو اور اسسٹنٹ کمشنر جے مہیش سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے علماء و دانشوروں کی شرکت
بھٹکل (فکروخبر نیوز) مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کی جانب سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے جمیلا کوبٹے میموریل ڈائیلاسس سینٹر کے قیام کا سنگِ بنیاد آج بعد نمازِ ظہر اکیڈمی کے احاطے میں ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ حضرت مولانا سید محمد بلال حسنی ندوی کے دستِ مبارک سے رکھا گیا۔
سنگِ بنیاد کی تقریب میں ناظم ندوۃ العلماء لکھنو مولانا سید محمد بلال حسنی ندوی نے اس فلاحی منصوبے کو انسانیت کی عظیم خدمت قرار دیتے ہوئے موجودہ دور کی ایک اہم ضرورت بتایا۔ انہوں نے اس نوعیت کے طبی و فلاحی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کی جانب سے ڈائیلاسس سینٹر کے قیام کی کوشش کو ایک قابلِ قدر قدم قرار دیا۔
مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے مجوزہ ڈائیلاسس سینٹر کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو کم قیمت پر ڈائیلاسس کی سہولت فراہم کرنا اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو عملی شکل دینا ہے۔
تقریب میں بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر جے مہیش اور پولیس انسکپٹر دیواکر کی شرکت بھی قابلِ ذکر رہی۔ اس موقع پر عالمی رابطہ ادب اسلامی کے زیرِ اہتمام بھٹکل میں منعقدہ دو روزہ علمی و ادبی سیمینار کے لیے تشریف لائے ہوئے مہمانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔




