مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے اتحاد و اخوت اور اسلامی تعلیمات پر عمل کی تلقین کی، معروف شاعر رحمت اللہ راہی نے خوبصورت کلام سے حاضرین کا دل جیتا
قطیف، سعودی عرب (فکروخبر نیوز) بھٹکل مسلم جماعت منقطۂ شرقیہ کا شاندار پروگرام ’’جشنِ ملن 2026‘‘ جمعہ کی شب قطیف کے شہاب پیلیس میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر جماعت کے اراکین، معزز مہمانوں اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ پروگرام میں علماء کے فکرانگیز خطابات، بچوں کی دلچسپ ثقافتی پروگرام ، شعری محفل اور مختلف مقابلوں کے علاوہ بمپر قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
تقریب کا آغاز جناب زعیم جاکٹی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مولوی عبداللہ عتبان نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی۔ جماعت کے جنرل سکریٹری مولانا شعور میگون نے حاضرین اور مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا، جبکہ مولانا فیاض موٹیا ندوی نے معزز مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے اپنے خطاب میں اسلامی تعلیمات پر عمل، رزقِ حلال کی تلاش اور باہمی اتحاد و اخوت کی اہمیت پر زور دیا۔ مولانا نے کہا کہ حقیقی کامیابی حکومت و سلطنت اور اقتدار کے حصول میں نہیں، بلکہ اللہ کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کرنے میں ہے۔ انہوں نے حاضرین کو رزقِ حلال اختیار کرنے اور اخوتِ ایمانی کے رشتے کو مضبوط و مستحکم رکھنے کی تلقین کی۔ ملک کے موجودہ حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا نے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حالات کی ہوا موافق نہیں ہے اور مساجد کے انہدام جیسے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسان اگر پختہ عزم و ارادے کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کرلے تو مشکلات اس کی راہ میں مستقل رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان اپنے اندر عزم، حوصلہ اور عملی جدوجہد کا جذبہ پیدا کریں۔ اس موقع پر مولانا نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا تعارف بھی پیش کیا اور اس کی سرگرمیوں اور خدمات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر جماعت کے سرپرست اور انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے صدر جناب یونس قاضیا نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قوم و ملت کی تعلیمی ترقی کے لیے انجمن کی جانب سے انجام دی جارہی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید اور پیشہ ورانہ تعلیم کا حصول بھی نہایت ضروری ہے، تاکہ ہماری نئی نسل بدلتے ہوئے حالات اور مسابقتی دور کے تقاضوں کا کامیابی سے مقابلہ کرسکے۔
انہوں نے بالخصوص آئی اے ایس (IAS)، چارٹرڈ اکاؤنٹنسی (CA) اور دیگر ایسے اعلیٰ تعلیمی و پیشہ ورانہ شعبوں کی جانب توجہ دلائی جن میں باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کی جانب سے جاری خصوصی تربیتی کلاسوں اور رہنمائی کی سہولتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے طلبہ اور والدین سے اپیل کی کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
جماعت کے صدر جناب ارشاد صدیقہ نے دمام ٹاور کی تعمیر کا کام جلد ازجلد پایہ تکمیل کو پہنچنے کے لیے تعاون اور دعا کی درخواست کی اور جماعت کے ہر کام کو آگے بڑھانے میں ان کے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کے دوران جماعت کے سرپرست جناب محمد اقبال کیمیا کی خصوصی تہنیت کی گئی۔ اس موقع پر ان کی خدمات کے اعتراف میں مولانا تنویر جوشیدی ندوی نے سپاس نامہ پیش کیا۔
تقریب میں بھٹکل کے معروف شاعر جناب رحمت اللہ راہی نے اپنا منتخب کلام پیش کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
جشنِ ملن 2026 کے دوران ننھے منے بچوں نے مختلف دلچسپ ثقافتی پروگرام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ اس موقع پر اذان اور خطاطی (کیلی گرافی) کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے لیے خصوصی انعامات کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
مولوی عبدالرحمن سیاف نے ایوارڈز کی تقسیم سے متعلق تفصیلات پیش کیں، جبکہ جناب ارشاد علی اکبرا نے مختلف انعامات کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا۔
بمپر قرعہ اندازی میں دو کاریں، عمرہ کے 11 ٹکٹ اور دیگر قیمتی انعامات
تقریب کی ایک اہم اور دلچسپ سرگرمی بمپر قرعہ اندازی رہی، جس میں شرکاء کے لیے نقد رقوم، گاڑیوں، سونے، موبائل فون اور سفری ٹکٹوں سمیت متعدد قیمتی انعامات رکھے گئے تھے۔
انعامات میں دو کاریں، نو موٹر سائیکلیں، آئی فون 18 پرو میکس، ویوو موبائل، 10 گرام سونا، سونے کے بریس لیٹ، گولڈ رنگ اور چار گرام کے دو سونے کے سکے شامل تھے۔اس کے علاوہ نقد انعامات میں 55,555، 1,23,456 اور 1,11,111 کی رقوم کے خصوصی انعامات، 50 ہزار کے پانچ انعامات، 25 ہزار کے دو انعامات اور ایک ہزار کے نقد انعامات بھی رکھے گئے تھے۔
سفری انعامات میں عمرہ کے 11 ٹکٹ، ممبئی سے دمام اور واپسی کے سات فضائی ٹکٹ اور میاں بیوی کے لیے کشمیر کے سفر کے ٹکٹ بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ 300 ڈالر کے دو انعامات اور بچوں کے لیے چار خصوصی انعامات کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
ان قیمتی انعامات نے تقریب کی دلچسپی میں مزید اضافہ کردیا اور قرعہ اندازی کے دوران حاضرین میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا۔
یہ پروگرام سرفراز جاکٹی کی کنوینرشپ میں منعقد ہوا جو بڑا کامیاب رہا۔




