بھٹکل(فکروخبرنیوز) ریاست کرناٹک کے محکمہ خوراک و شہری سپلائیز نے اے پی ایل (APL) اور بی پی ایل (BPL) راشن کارڈ ہولڈرز کے لیے ای کے وائی سی (e-KYC) مکمل کرنے کی آخری تاریخ میں 30 نومبر 2026ء تک توسیع کر دی ہے۔ یہ فیصلہ ان ہزاروں خاندانوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا جو کسی وجہ سے اب تک اپنا ای کے وائی سی مکمل نہیں کر سکے تھے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے اس سے قبل کے وائی سی کے لیے 10 نومبر کی آخری تاریخ مقرر کی تھی، لیکن بڑی تعداد میں شہریوں کے کے وائی سی سے محروم رہ جانے کے باعث محکمہ نے مزید 20 دنوں کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا۔ محکمہ خوراک نے اس بات کی سخت اور واضح تنبیہ بھی جاری کی ہے کہ 30 نومبر کے بعد کسی صورت تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
ریاست میں کل 2.67 کروڑ راشن کارڈ ہولڈرز میں سے اب تک 2.27 کروڑ افراد نے اپنا کے وائی سی مکمل کر لیا ہے، جبکہ تقریباً 39 لاکھ راشن کارڈ ہولڈرز کا کے وائی سی ابھی باقی ہے۔ حکام کے مطابق مقررہ تاریخ تک کے وائی سی نہ کروانے کی صورت میں متعلقہ راشن کارڈ معطل (Suspend) یا منسوخ کیے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ لہٰذا عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی قریبی راشن دکانوں پر جا کر فوری طور پر بائیومیٹرک کی تصدیق مکمل کروائیں۔




