منگلورو (فکروخبر نیوز)منگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ٹرمینل کی توسیع کا کام بدھ کے روز شروع کردیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت ہوائی اڈے کی سالانہ مسافر گنجائش موجودہ 25 لاکھ سے بڑھا کر 52 لاکھ تک پہنچائی جائے گی۔ منصوبے کی تکمیل 2029 کے اختتام تک متوقع ہے۔
ہوائی اڈے کے حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موجودہ ٹرمینل کے مشرقی حصے میں 27,100 مربع میٹر اضافی تعمیرات کی جائیں گی، جبکہ 48,574 مربع میٹر پر مشتمل موجودہ ٹرمینل میں بھی ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی، تاکہ مسافروں کو بہتر اور جدید سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
حکام کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران ہوائی اڈے سے ریکارڈ 25 لاکھ 50 ہزار مسافروں نے سفر کیا، جبکہ 2022-23 میں یہ تعداد 17 لاکھ 90 ہزار تھی۔ اس طرح گزشتہ تین برسوں میں مسافروں کی تعداد میں تقریباً 42 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اندازہ ہے کہ 2030-31 تک یہ تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کرسکتی ہے۔
توسیعی منصوبے کے تحت چیک اِن کاؤنٹرس، سیکورٹی جانچ، امیگریشن، سامان کی ترسیل اور وصولی کے نظام سمیت مسافروں کی آمد و روانگی کے حصوں کو مزید وسیع اور جدید بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ ہوائی اڈے پر ایک خصوصی ویونگ گیلری اور کھلا تفریحی مقام بھی قائم کیا جائے گا، جہاں سے ضروری سیکورٹی اجازت کے بعد طیاروں کی سرگرمیوں اور دریائے گروپورا کی وادی کے خوبصورت مناظر کا مشاہدہ کیا جاسکے گا۔
منصوبے میں ایک علیحدہ عمارت کی تعمیر بھی شامل ہے، جہاں 800 سے زائد گاڑیوں کے لیے کثیرمنزلہ پارکنگ، دفاتر، کھانے پینے کے مراکز اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اس عمارت کو ٹرمینل سے خصوصی پیدل پل کے ذریعے جوڑا جائے گا، جس میں خودکار متحرک راستوں اور چھوٹی برقی گاڑیوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
ہوائی اڈے کے حکام کے مطابق منگلورو کے تجارتی، صنعتی، تعلیمی اور طبی مرکز کے طور پر بڑھتے ہوئے کردار اور ساحلی کرناٹک میں فضائی سفر کی مانگ میں مسلسل اضافے کے پیش نظر یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔
توقع ہے کہ 2029 کے اختتام تک اس منصوبے کی تکمیل سے منگلورو کے ساتھ بھٹکل، اڈپی اور ساحلی کرناٹک کے دیگر علاقوں کے مسافروں کو بھی بہتر اور جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔




