بھٹکل (فکروخبر نیوز) رابطہ ادب اسلامی، ہند کی جانب سے مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کے زیر اہتمام اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے زیر انتظام 42واں کل ہند دو روزہ علمی و ادبی سیمینار 14 اور 15 نومبر 2026، بروز سنیچر و اتوار، بھٹکل میں منعقد ہونے جارہا ہے جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے ممتاز علماء، ادباء، دانشور، محققین اور اہلِ قلم شرکت کررہے ہیں۔
سیمینار کا مرکزی موضوع ’’حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کی حیات و خدمات‘‘ مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت حضرت مولانا کی علمی، ادبی، فکری اور تصنیفی خدمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے گی اور محققین اپنے مقالات پیش کریں گے۔
سیمینار کے کنوینراور رابطہ ادبِ اسلامی جنوبی ہند کے سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے بتایا کہ اس دو روزہ سیمینار کی کل تین نشستیں ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ اور رابطہ کے صدر حضرت مولانا سید بلال عبدالحی حسنی ندوی کی صدارت میں سرپرستی میں منعقد ہوں گی، جن کے لیے وسیع تر انتظامات کیے جارہے ہیں۔ مہمانوں کے قیام کے لیے جامعہ کے مہمان خانہ کے ساتھ نو تعمیر شدہ ہاسٹل وغیرہ میں انتظامات آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ ان شاء اللہ اس سیمینارمیں ملک بھر سے 200 علماء اور محققین اور بھٹکل وآس پاس سے بھی بڑی تعداد میں علماء اور اداروں کے ذمہ داران کی شرکت متوقع ہے ۔ سیمینار کے نشستوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے مولانا نے بتایا کہ اس کی کل تین نشستیں ہوں گی۔ افتتاحی اور پہلی نشست بروز سنیچر، 14 نومبر کو صبح ساڑھے نو بجے سے گیارہ بجے تک جاری رہے گی۔ سوا گیارہ بجے تا ظہر مقالات کی نشست ہوگی۔ یہ دونوں نشستیں جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی درسگاہ کے احاطہ میں منعقد ہوگی۔ دوسری نشست اسی روز یعنی سنیچر، 14 نومبر کو بعد نمازِ مغرب علی پبلک اسکول بھٹکل کے مولانا ریاض الرحمن رشادی ہال میں منعقد ہوگی۔ سیمینار کی تیسری و اختتامی نشست اتوار، 15 نومبر کو صبح ساڑھے نو بجے سے ظہر تک منیری ہال، مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی میں منعقد ہوگی، ان نشستوں کے علاوہ اسی روز بعد عشاء تنظیم جمعہ مسجد (ملیہ مسجد) میں اصلاحِ معاشرہ کے عنوان سے ایک عوامی پروگرام منعقد ہوگا جس میں ملک کے موقر علماء شرکت کریں گے۔
ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد طلحہ ندوی نے پروگرام کے انعقاد کو جامعہ اور بھٹکل کے لی ایک اعزاز قرار دیا اور جامعہ میں قریب دو سو مہمانوں کی آمد پر کیے جانے والے مختلف انتظامات کی تفصیلات بھی بیان کی۔
واضح رہے کہ سابق جنرل سکریٹری رابطہ ادبِ اسلامی اور سابق معتمد تعلیم ندوۃالعلماء لکھنو حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کا شمار عالمِ اسلام کی ان علمی و ادبی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے عربی زبان و ادب، اسلامی فکر اور صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کی تحریروں میں اسلامی تہذیب، عصرِ حاضر کے فکری مسائل اور امتِ مسلمہ کے حالات و چیلنجوں کو خصوصی اہمیت حاصل رہی ہے۔ ان کی علمی و فکری خدمات کو سیمینار کا موضوع بنانے کا مقصد نئی نسل کو ان کے علمی ورثے سے روشناس کرانا اور ان کی تحریروں میں موجود فکری و ادبی جہات کو اجاگر کرنا ہے۔ ان سمینار کی نشستوں میں اہلِ علم حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کی علمی و ادبی شخصیت، ان کی تحریروں، فکری بصیرت، زبان و ادب کی خدمات اور ان کے علمی ورثے کے مختلف گوشوں کا جائزہ لیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں رابطہ ادبِ اسلامی شاخ بھٹکل کی جانب سے تین کل ہند کامیاب سیمینار منعقد کیے جاچکے ہیں۔




