بنگلورو (فکروخبر نیوز / ایجنسی) کرناٹک کے محکمہ جیل خانہ جات اوراصلاحی خدمات کے سینئر افسر و ڈی آئی جی (DIG) ایم سوم شیکھر کی گرفتاری کے بعد ایک حیرت انگیز انکشاف سامنے آیا ہے۔ پولیس تحقیقات میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ایک قیدی کو غیر قانونی طور پر جیل سے رہا کرنے کے عوض سینئر افسر اور ان کے ماتحت ملازم نے قیدی کی بیوی کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کا جنسی استحصال کیا۔ پولیس نے اس سنسنی خیز معاملے میں ڈی آئی جی سوم شیکھر اور سیکنڈ ڈویژن اسسٹنٹ (SDA) سری کانت کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والا شنکر اروموگم نامی قیدی 2004 کے ایک اغوا برائے تاوان کیس میں عمر قید کی سزا اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا کاٹ رہا تھا۔ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کی جانب سے اپیلیں خارج ہونے کے بعد بنگلورو سینٹرل جیل کے تتکالن چیف سپرنٹنڈنٹ ایم سوم شیکھراورایس ڈی اے سری کانت نے مل کر سپریم کورٹ کے نام کا ایک فرضی حکم نامہ تیار کیا۔ اس جعلی دستاویز پر سپریم کورٹ کی فرضی مہر اور جعلی دستخط ثبت کیے گئے تھے، جس میں یہ دکھایا گیا کہ عدالت عظمیٰ نے سزا کو صرف 10 ہزار روپے کے جرمانے تک محدود کر دیا ہے۔ اس فرضی دستاویز کی بنیاد پر جیل انتظامیہ نے 13 نومبر 2018 کو قیدی کو رہا کر دیا تھا۔
تحقیقات کے دوران قیدی کی بیوی کے بیانات قلمبند کیے گئے جس میں اس نے انکشاف کیا کہ سوم شیکھر اور سری کانت نے اس کی لاچاری اور مظلومیت کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور اس کے شوہر کی رہائی کا جھانسہ دے کر اس کا جنسی استحصال کیا۔ اس کے علاوہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مستقل رہائی سے قبل بھی ڈی آئی جی سوم شیکھر نے تمام سرکاری ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے 2018 میں تین بار 15، 15 دن کی غیر قانونی پیرول منظور کی تھی۔
آٹھ سال پرانے اس گھناؤنے اسکینڈل کا پردہ فاش مئی 2026 میں اس وقت ہوا جب ڈائریکٹر جنرل آف پریزنز کو ایک گمنام شکایت موصول ہوئی۔ جیل حکام نے جب سپریم کورٹ کے اسسٹنٹ رجسٹرار سے رابطہ کیا تو تصدیق ہوئی کہ ایسا کوئی حکم کبھی جاری ہی نہیں ہوا اور تمام دستاویزات جعلی ہیں۔ اس کے بعد پرپنا اگرہارا پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی، جعل سازی اور مجرمانہ سازش کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے قیدی شنکر اور جیل ملازم سری کانت کو 15 ستمبر کو میسور سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اب سینئر افسر ڈی آئی جی سوم شیکھر کی گرفتاری عمل میں آئی ہے جنہیں پولیس تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔




