مدینہ منورہ (فکروخبرنیوز) مدینہ منورہ کی بین الاقوامی شہرت یافتہ اسلامی یونیورسٹی میں منعقدہ "سواعد بناء” مقابلے میں ہندوستان کے ہونہار طالب علم عبدالقادر محمد میراں ندوی نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ سعودی نیشنل ڈے کی خصوصی تقریب کے موقع پر یونیورسٹی کے صدر نے ہندوستانی طالب علم کو اپنے ہاتھوں سے اعزاز سے نوازا۔ مولوی عبدالقادرمحمد میراں کا تیار کردہ اختراعی پروجیکٹ "منصۃ الزکاۃ” (Zakat Pay) "اکنامک ڈویلپمنٹ اور انٹرپرینیورشپ” کیٹیگری میں دوسرے نمبر پر رہا۔
یہ تاریخی کامیابی ایک طویل اور سخت مرحلے کے بعد حاصل ہوئی۔ مقابلے میں دنیا بھر سے کل 457 پروجیکٹس پیش کیے گئے تھے، لیکن ایک سال کی مسلسل ٹریننگ، رہنمائی اور کئی جانچ کے مراحل سے گزرنے کے بعد صرف 13 پروجیکٹس فائنل راؤنڈ تک پہنچ سکے، جن میں سے صرف 3 کو حتمی انعام کے لیے منتخب کیا گیا۔ عبدالقادر محمد میراں کا پروجیکٹ ان تین سرفہرست فاتحین میں شامل رہا۔
"منصۃ الزکاۃ” ایک جدید فینانشل ٹیکنالوجی (فنٹیک) پروجیکٹ ہے جو ہندوستان میں چیریٹی، مدارس، مساجد اور غیر منافع بخش اداروں کو درپیش معاشی مسائل کا جدید حل پیش کرتا ہے۔ اس کی سب سے بڑی خصوصیت ایک مؤثر وریفیکیشن کا نظام ہے، جس کے ذریعے یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ زکوٰۃ کی رقم صرف اور صرف مستحقین تک ہی پہنچے۔ مزید اس میں ہندوستان سے غربت کے خاتمے کے لیے زکوٰۃ کے منظم استعمال کا جامع خاکہ بھی پیش کیا گیا ہے، جبکہ مدارس اور مساجد کے لیے شفاف کراؤڈ فنڈنگ کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔
اس عالمی مقابلے میں پہلا مقام شام کے طالب علم عماد فؤاد الرویشی نے حاصل کیا، جن کا پروجیکٹ شام میں صاف توانائی اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے سے متعلق تھا۔ جبکہ تیسرا مقام سوڈانی طلباء کی ٹیم کو ملا، جنہوں نے دیہی علاقوں میں صحت اور پانی کی فراہمی کے لیے سولر انرجی کا نظام ڈیزائن کیا تھا۔ یہ مقابلہ سعودی عرب کے "وژن 2030” کے تحت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے اور پائیدار ترقیاتی اثرات قائم کرنے کے مقصد سے منعقد کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مولوی عبدالقادر محمد میراں ندوی نے جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے عالمیت کی تکمیل کی ہے اور دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو سے فضیلت کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد مدینہ یونیورسٹی میں اپنی تعلیم جاری رکھی۔
فکروخبر بھٹکل مولوی عبدالقادر محمد میراں ندوی کو مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے اس پروجیکٹ کو شرفِ قبولیت سے نوازے اور اس کے دورس اثرات مرتب فرمائے۔ آمین




