بھٹکل (فکروخبرنیوز) ‘انجمن الفطرة اسکول’ میں نونہالانِ ملت کے دلوں میں پیارے آقا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی محبت، تعلیمات اور اسوۂ حسنہ کی معرفت پیدا کرنے کے مقصد سے سیرت النبی ﷺ کوئز مقابلے کا انعقاد عمل میں آیا۔
اس مقابلے کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے پہلی جماعت سے لے کر پانچویں جماعت تک کے تمام طلباء و طالبات کے لیے اس میں شرکت کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔ بچوں نے مکمل تیاری کے ساتھ سوال و جواب کے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ طلباء کی تیاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سیرتِ نبویؐ سے متعلق پوچھے گئے تمام سوالات کے بچوں نے برجستہ اور درست جوابات دیے، جو اساتذہ کی انتھک محنت اور والدین کی فکر کا ثبوت ہے۔
تمام بچوں کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسکول انتظامیہ نے ایک ‘خوش آئند فیصلہ’ لیا ہے کہ مقابلے میں پہلی، دوسری یا تیسری پوزیشن کا کوئی تفریق یا فرق نہیں رکھا جائے گا۔ چونکہ ہر طالب علم نے شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، اس لیے اسکول کی جانب سے مقابلے میں شریک تمام نونہالوں کو انعامات اور سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا۔ اسکول انتظامیہ نے اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تمام بچوں کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے اور انہیں اسوہ بسلسلہ سیرتِ نبویؐ پر قائم رکھے۔




