بنگلورو: کرناٹک میں چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس نے ریاست گیر سطح پر ایک بڑی اور خصوصی مہم چلاتے ہوئے کم از کم 800 بچوں کو آزاد کرایا ہے۔ یہ کارروائی وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے اے پی ایم سی (APMC) مارکیٹ کے حالیہ دورے کے فوراً بعد سامنے آئی ہے، جہاں انہوں نے خود کمسن بچوں کو مزدوری کرتے ہوئے دیکھا تھا اور ان کی ہدایت پر 29 بچوں کو موقع پر ہی ریسکیو کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز کی جانے والی اس حیران کن اور اچانک کارروائی میں ریاست کے تمام 962 پولیس اسٹیشنوں کی حدود کو شامل کیا گیا۔ اس مہم کے دوران سب سے زیادہ کارروائی دارالحکومت بنگلورو میں ہوئی، جہاں سے 503 بچوں کو بازیاب کرایا گیا۔ بنگلورو کے بعد وجئے پورہ میں 72، ٹمکورو میں 33، کوپل میں 27، گلبرگہ میں 22، بلاری میں 15 اور میسور میں 13 بچوں کو چائلڈ لیبر سے آزادی دلائی گئی۔
یہ چھاپے بنیادی طور پر آٹو گیراجوں، تجارتی مراکز (مارٹس)، مرمتی دکانوں، ہوٹلوں، منڈیوں، بارز اور ریستورانوں پر مارے گئے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ "یہ مہم یہیں ختم نہیں ہوئی ہے بلکہ آئندہ بھی جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور کچھ مالکان کو نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔” اس آپریشن میں محکمہ محنت (لیبر ڈپارٹمنٹ) اور چائلڈ ویلفیئر کمیٹی (CWC) کے نمائندے بھی پولیس ٹیموں کے ساتھ شامل تھے۔




