کاروار (فکروخبر نیوز) اتر کنڑا ضلع کانگریس کمیٹی کی قیادت میں سینئر وکیل اور سدا پور سے تعلق رکھنے والے کانگریس رہنما جی ٹی نائک کو اتر کنڑا ضلع کانگریس کا نیا صدر مقرر کیا گیا ہے۔
کانگریس کے قومی صدر کی منظوری کے بعد اے آئی سی سی (AICC) کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے اس تقرری کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ کرناٹک بھر کے مختلف اضلاع کے لیے کی گئی یہ نئی تنظیم نو فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔ جی ٹی نائک جو کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کاروار میں وکالت کے پیشے سے وابستہ ہیں، طویل عرصے سے کانگریس پارٹی اور اس کے نظریات کے ساتھ مضبوطی سے جڑے رہے ہیں۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران بھی اتر کنڑا سیٹ سے ان کا نام امیدوار کے طور پر سب سے آگے رہا تھا، تاہم آخری مرحلے میں پارٹی نے انجلی نمبالکر کو میدان میں اتارا تھا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق یہ اہم تقرریاں کانگریس کے ‘سنگٹھن سرجن ابھیان’ کے تحت کی گئی ہیں، جس کا مقصد زمینی سطح پر پارٹی کو فعال اور متحرک بنانا ہے۔ اس انتخاب کے لیے اے آئی سی سی کے ذمہ داران نے اتر کنڑا ضلع کے تمام عہدیداروں، سینئر رہنماؤ ں اور کارکنوں سے تفصیلی مشورے کیے۔ رپورٹ اور اعلیٰ قیادت کی باہمی بات چیت کے بعد جی ٹی نائک کے نام کو حتمی منظوری دی گئی۔
جی ٹی نائک، سائی گاونکر کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے جو گزشتہ تین سالوں سے اس عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ جی ٹی نائک کے صدر بننے پر سوشل میڈیا پر مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان کی قیادت میں ضلع بھر میں کانگریس مزید مضبوط اور متحرک ہوگی۔




