بھٹکل (فکروخبرنیوز) موجودہ دور میں جہاں معاشرے کے اندر رحمدلی، محبت اور انسانیت کا گراف تیزی سے گر رہا ہے، ایسے ماحول میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ اور آپؐ کے عالمگیر پیغام ہی پورے انسانی معاشرے کے لیے سچی ہدایت اور مشعلِ راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے ریاستی سکریٹری جناب محمد کنہی نے کیا۔
وہ منگل کی شام بھٹکل کے ہوٹل رائل اوک میں جماعت اسلامی ہند بھٹکل یونٹ کی جانب سے ‘انقلاب کی شمع روشن کرنے والے نبیؐ’ کے عنوان سے جاری سیرت مہم کے تحت منعقدہ ’سیرت گیٹ ٹو گیدر‘ پروگرام سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی صرف عبادت تک محدود نہیں تھی بلکہ عبادات، خاندانی زندگی، تجارت، سماجی روابط اور نظم و نسق سمیت زندگی کے ہر شعبے کے لیے ایک کامل اور جامع نمونہ ہے۔ ایک مضبوط اور پرامن معاشرہ باہمی احترام، رحمدلی، اخوت اور محبت ہی کے ذریعے تشکیل پا سکتا ہے۔ انسانوں کے درمیان سے نفرت، بے اعتمادی کو دور کرکے ایک دوسرے کو سمجھنے اور مل جل کر رہنے کی سخت ضرورت ہے۔
اس سے قبل تمہیدی کلمات پیش کرتے ہوئے جناب محمد رضا مانوی نے کہا کہ ایک دوسرے کو قریب سے سمجھنے اور جاننے کے لیے اس طرح کے بین المذاہب و سماجی پروگراموں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے، اس سے معاشرتی فاصلے کم ہوتے ہیں اور رواداری کا فضا قائم ہوتی ہے۔
پروگرام میں جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے صدر مولانا سید زبیر ایس ایم ندوی، سکریٹری جناب رؤف احمد ساونور، سیرت مہم کے کنوینر جناب مجاہد مصطفیٰ، سابق ایم ایل اے جے ڈی نائک، گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر ایم این نائک اور لیبر لیڈر جے این ریونکر سمیت شہر کی کئی اہم سماجی، سیاسی اور ملی شخصیات نے شرکت کی۔




